بانہال//منگل کے روز مدرسہ فیض الاسلام ناگہ بل، بانہال کی جانب سے ایک سالانہ مباثہ مقابلے ”بزم ابرار“ کا اہتمام کیا گیا جس میں نامور مذہبی رہنماﺅں اور سکالروں نے شرکت کی۔نیشنل کانفرنس ضلع صدر این سی سجاد شاہین نے اس موقعہ پرمختلف مکاتیب فکر سے تعلق رکھنے والے علماءسے اپیل کی کہ وہ سماج کو مشکل ترین دور سے نکالنے کے لئے آپسی روا داری اور امن کی کاوشیں کریں۔انہوں نے مدرسہ کی جانب سے علاقہ میں اسلامی تعلیم فراہم کرنے اور سینکڑوں طلاب کی زندگیاں سنوانے کی ستائش کرتے ہوئے بتایا کہ 1988 میں اس ادارے کی بنیاد ڈالی گئی تھی،جسکا وہ بذات خودایک حصہ تھے۔انہوں نے کہا کہ میں نے مولانا غلام رسول مفتی اور انکی ٹیم کی جانب سے اس ادارے کو روز بروز ترقی کرتے ہوئے دیکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ ہمارے مدرسوں کی ایک تواریخی اہمیت ہے اور مسلم طبقہ کی اس کے ساتھ ایک جذباتی وابستگی ہے۔انہوںنے کہا کہ مدرسوں کو طبقہ میں تعلیم کی بہتری کے لئے کام کرنا چاہیے اور اخلاقی تعلیم فراہم کرنی چاہیے۔انہوں نے نفرت اور اُکسانے والی سیاست کی کافی مذمت کی ا ور کہا کہ اس سےوہ لوگوں کی توجہ اہم مدعوں سے اُٹھانے کی کوشش کر رہے ہیں۔انہوںنے کہا کہ ہمیں ان عناصر کے خلاف یکجان ہونے کی ضروت ہے تاکہ انکے ناپاک عزائم کامیاب نہ ہونے پائیں۔شاہین نے مزید کہا کہ کوئی بھی مسلمانوں کے ساتھ غلط نہیں کر سکتا ہے اگر وہ اللہ اور پیغمبر کے احکامات کی تعمیل کریں گے۔