محکمہ کی بے رخی سے گھر گرہستی چلانا دشوار،اجرتیں فوری طور واگزار کرنےکامطالبہ
محمد تسکین
بانہال// بانہال میں محکمہ وائلڈ لائف میں عارضی طور کام کرنے والے ملازمین کی پچھلے ڈیڑھ سال کی اجرتیں واگزار نہ کئے جانے کی وجہ سے ان عارضی ملازمین کو ناقابل بیان مشکلات کا سامنا ہے اور ان کی گھر گرہستی کا چلنا دشوار ہوگیا ہے۔ پچھلے تین برسوں سے محکمہ وائلڈ لائف ضلع رام بن کے ساتھ عارضی بنیادوں پر کام کرنے سیزنل مزدوروں کو 9330کی رقم ماہانہ ادا کی جاتی ہے مگر پچھلے تین برسوںکی اجرتوں میں سے ان کی اٹھارہ مہینوں کی تنخواہیں ادا کرنے میں محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے تاخیر کی جارہی ہے جس کا اثر ان لوگوں کے گھروں کے نظام کو متاثر کر گیا ہے۔محکمہ وائلڈ لائف کی طرف سے بانہال کے جواہر ٹنل ، شیلا پوسٹ اور شیطانی نالہ کے علاقوں میں جنگلی جانوروں کو بستیوں میں جانے سے روکنے کیلئے جنگلی پھلدار درختوں پر مشتمل کلوجر بنائے گئے اور مقامی لوگوں کو ان کلوجروں کی دیکھ بھال کیلئے ہر سال کے آٹھ نو مہینوں تک عارضی طور تعینات کیا جاتا ہے۔ یہاں کام کرنے والے مزدوروں کا کہنا ہےکہ 2023کے دو مہینوں ، 2024کے آٹھ مہینوں اور رواں سال کے آٹھ مہینوں یعنی کل ملا کر 18مہینے کی اجرتیں محکمہ وائلڈ لائف سے واجب الوصول ہیں اور گذارشات کے باوجود ان کی تنخواہیں فنڈس نہ ہونے کا بہانہ بنا کر ادا نہیں کی جا رہی ہیں۔ انہوں نے کہا کہ کار سرکار انجام دینے کے عوض میں اجرتوں میں اس قدر ہورہی تاخیر سے ان کا کچن چلنا اور گھریلو اخراجات پورے کرنا دشوار ہوگیا ہے ۔انہوں نے کہا کہ فی الحال انہیں آئندہ سال تک کیلئے کام سے چھٹی کی گئی ہے لیکن تنخواہیں ادا نہیں کی گئی ہیں ۔ انہوں نے محکمہ وائلڈ لائف اورحکومت سے اپیل کی کہ وہ ضلع رام بن میں وائلڈ لائف میں کام کرنے والے عارضی ملازمین کی اجرتیں واگزار کرانے میں ضروری کاروائی کریں ۔ اس سلسلے میں رینج آفیسر وائلڈ لائف رام بن سے رابطہ کرنے کی کوشش کی لیکن انہوں نے فون نہیں اٹھایا ۔