یوسمرگ//محکمہ سیاحت نے ضلعی اِنتظامیہ بڈگام کے ساتھ مل کر پونی والوں کے لئے ایک دِن کیمپ کا اِنعقاد کیا تاکہ ان کے مسائل اور مطالبات کا اَزالہ کیا جاسکے۔اِس موقعہ پر ٹورازِم ایونٹ ہولڈروں کو منصفانہ تجارتی سرگرمیوں کے لئے محکمہ میں رجسٹرڈ ہونے کی اہمیت اور طریقۂ کا ر کے بارے میں آگاہ کیا گیا۔اَفسران نے انہیں محکمہ کے ساتھ رجسٹرڈ ہونے کے لئے ضروری باتوں سے آگاہ کیاجیسا کہ جے اینڈ کے رجسٹریشن آف ٹورسٹ ٹریڈ ایکٹ کے تحت لازمی ہے۔اِس موقعہ پر اَپنے خیالات کا اِظہار کرتے ہوئے ناظم سیاحت کشمیر ڈاکٹر جی این اِیتو نے کہا کہ محکمہ نے مختلف سیاحتی مقامات پر مقامی شراکت داروں بالخصوص پونی والوں کے خدشات اور مطالبات کو سننے کے لئے ایک مہم شروع کی ہے تاکہ اُنہیں مشکلات کا سامنا نہ کرنا پڑے۔ناظم سیاحت نے کہا کہ محکمہ سیاحتی نقشے پر یوسمرگ کو فروغ دینے کے لئے کئی آئیڈیا ز پر کام کر رہا ہے ۔اُنہوں نے کہا کہ اگلے ماہ یوسمرگ میں سیاحتی میلہ منعقد کیا جائے گاتاکہ منزل کی صلاحیت کو اُجاگر کیا جاسکے۔انہوں نے اُن پر زور دیا کہ وہ اس خوبصورت جگہ کے گردونواح کو گندگی سے پاک رکھیں۔اِس سے قبل ناظم سیاحت نے ایک مقامی این جی او کشمیر ویلفیئر ٹرسٹ کے ذریعے محکمہ سیاحت اور ضلعی اِنتظامیہ کے اشتراک سے منعقدہ سیاحتی شراکت داروں کے لئے اِمدادی تقسیم کیمپ میں شرکت کی۔اِس موقعہ پر مقررین نے مقامی لوگوں اور سیاحتی شراکت داروں پر زور دیا کہ وہ بہتر سیاحوں کی آمد کے لئے منزل کی صفائی کو برقراررکھیں ۔کیمپ میں ایڈیشنل ڈپٹی کمشنر / سی اِی او یوسمرگ ڈیولپمنٹ اَتھارٹی ڈاکٹر ناصر احمد لون ، سب ڈویژنل مجسٹریٹ چاڈورہ ، ڈپٹی ڈائریکٹرسیاحت ، دیگر سینئر اَفسران اور پونی والوں اور سیاحت کے دیگر شراکت داروں نے شرکت کی۔