سرینگر// جموں و کشمیر یوٹی کے لیفٹنٹ گورنر منوج سنہا کی طرف سے کل راج بھون میں منعقد تقریب کے دوران جے کے بینک چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر راجیش کمار چھبر کو 250کروڑ روپے کی چیک پیش کی گئی جو سرکار کی جانب سے حالیہ اعلان کردہ شرح سود میں5فیصد امداد کی پہلی قسط ہے۔ اس تقریب کا اہتمام سرکار کی طرف سے جاری فلیگ شپ پروگرام بیک ٹو ولیج کے تیسرے مرحلے کی کامیاب تکمیل پر کیا گیا تھا جس دوران جے کے بینک کی طرف سے دس ہزار سے زائد نوجوان اور خواتین گاہکوں کو قرضہ فراہمی کی منظوری دی گئی ۔شرح سود میں یہ امداد سال 2014 اور 2016 کے دوران قرضوں کی تعمیرنو مہم میں آئے کھاتوں کو بھی مل رہی ہے اور کورونا وباء سے بدحال کاروباری حلقے کو بھی اس سے راحت ملے گی۔‘‘ یہاں کے کاروباریوں کیلئے سرکار کی طرف سے یہ امدادی رقم یہاں کی معیشت کو سنوارنے میں کافی مدد گار ثابت ہوگی اور یہ سرکار کے1350 کروڑ روپے کے مالی پیکیج کا ایک حصہ ہے جو کہ بینک اور اسکے متعلقین کیلئے تاریخی حیثیت رکھتا ہے۔ ان باتوں کا اظہار چیک وصول کرنے کے بعد جموںو کشمیر بینک کے سرپرست نے کیا۔ انہوں نے کہا کہ سود پر دی جارہی یہ امداد خاص طور جے کے بینک گاہکوں کیلئے فائدہ مند ثابت ہوگی ۔ ہمارے2لاکھ3 1 ہزار 200گاہک اس سے مستفید ہونگے اور یہ امدادی رقم اصل میںلگ بھگ391کروڑ روپے کی ہے جس سے ڈھائی لاکھ سے زیادہ کاروباری کھاتے راحت کا سانس لیںگے اور مابعداگست2019 کے حالات اور کووڈ- 19سے متاثر کاروباری کھاتوں میں نئی جان آنے کا قوی امکان ہے۔ B2V3کے دوران جموں و کشمیر بینک کی کارکردگی کا حوالہ دیتے ہوئے چیئرمین و منیجنگ ڈائریکٹر نے کہا کہ اس دوران پورے جموںو کشمیر میں تہوار جیسا ماحول تھا اور دو ہفتوں کے اندر اندر سرکار کے دو پروگراموں میں جے کے بینک نے اپنا بھر پور رول نبھایا۔بیک ٹو ولیج تھری اور میرا شہر میری شان پروگراموں کے دوران تقریباً13دنوں کے اندر 15ہزار سے زائدکیسوں کی نشاندہی کی گئی اور لگ بھگ11ہزار کیسوں کو منظوری دی گئی۔ انہوں نے کہا کہ اس دوران سرکار اور بینک کے درمیان تال میل اور آپسی روابط بھی مثالی تھے ۔