سرینگر/جمعہ کو سرینگر کے فوجی اسپتال میں مزید چار سی آر پی ایف اہلکاروں کے دم توڑنے سے لیتہ پورہ ،پانپور میں گذشتہ روز ہوئے عسکریت پسندوں کے حملے میں مرنے والے فورسز اہلکاروں کی تعداد49ہوگئی۔
یہ حملہ سرینگر۔جموں شاہراہ پر واقع لیتہ علاقے میں کیا گیا جس میں ایک خود کُش حملہ آئور نے دھماکہ خیز مادے سے بھری ایک گاڑی سی آر پی ایف اہلکاروں کی ایک گاڑی سے ٹکرائی اور دھماکہ کیا۔ یہ گاڑی فورسز کی ایک کانوائے کا حصہ تھی جو جموں سر سرینگر کی طرف آرہی تھی۔
خبر رساں ایجنسی جی این ایس کے مطابق جن زخمی اہلکاروں کا علاج فوجی اسپتال میں جاری ہے اُن میں سے مزید چار دم توڑ بیٹھے ہیں اور یوں مرنے والے اہلکاروں کی تعداد49تک جاپہنچی ہے۔
ذرائع کے مطابق شاہراہ بند ہونے کی وجہ سے جموں میں سی آر پی ایف کے مختلف یونٹوں سے وابستہ قریب 2500اہلکار درماندہ ہوئے تھے،جنہیں جموں سے سرینگر کیلئے کل صبح گاڑیوں کے قافلے میں سرینگر کیلئے روانہ کیا گیا۔جب یہی کانوائے سہ پہر 3بجکر20منٹ پر لیتہ پورہ اونتی پورہ میں فوڈ کارپوریشن آف انڈیا کے گودام کے نزدیک پہنچی، تو اچانک دوگاڑیاں خود کش حملے کی زد میں آگئیں اور خوفناک دھماکہ ہوا، جس کے نتیجے میں ایک گاڑی کے پرخچے اڑ گئے اور اس میں سوار اہلکاروں کی لاشیں دور دور تک بکھر گئیں، جبکہ ایک گاڑی میں آگ نمودار ہوئی۔