مشتاق الاسلام
پلوامہ //حکام نے جنوبی کشمیر کے ضلع پلوامہ میں دہلی کار دھماکے کے ملزم ڈاکٹر عمر نبی کے رہائشی مکان کو منہدم کر دیا۔حکام نے بتایا کہ اس مکان کو دوران شب کنٹرول شدہ دھماکے سے منہدم کر دیا گیا۔مقامی لوگوں نے بتایا کہ سیکورٹی فورسز نے علاقے کو سیل کر دیا تھا اور مکینوں کو پہلے ہی اس مکان سے نکالا گیا تھا۔ یہ کارروائی نصف شب 12 بجے سے 2بجے تک جاری رہی، جس کے دوران 2 خوفناک دھماکے ہوئے جن کی آواز سے پورے علاقے میں سراسمیگی پھیل گئی۔مذکورہ ملی ٹینٹ ڈاکٹر کا دو منزلہ مکان دھماکہ خیز مواد نصب کر کے اڑایا گیا۔ مقامی لوگوں کا کہنا ہے کہ رات کے سناٹے میں یکے بعد دیگرے ہونے والے دھماکوں سے گائوں لرز اٹھا۔ صبح ہونے پر معلوم ہوا کہ نہ صرف ڈاکٹر عمر کا مکان مکمل طور پر زمین بوس ہوگیا ہے بلکہ اس کے ساتھ 6 دیگر رہائشی مکانوں کو بھی دھماکوں کی شدت سے بھاری نقصان ہوا ہے۔ متاثرہ گھروں میں ارشد احمد، نور محمد، نذیر احمد، وکیل احمد، محمد یعقوب بٹ اور غلام حسن بٹ کے مکانات شامل ہیں۔کارروائی کا اثر صرف انہدام تک محدود نہیں رہا؛ دھماکوں کے نتیجے میں قریبی 20 سے زائد مکانات اور ایک مسجد کی کھڑکیوں کے شیشے بھی چکنا چور ہوگئے۔مقامی لوگوں کے مطابق دھماکوں سے کروڑوں کی مالیت تباہ ہوگئی ہے اور درجنوں لوگ سردیوں کے اس موسم میں بے گھر ہوگئے ہیں۔