ملی ٹینسی کے تئیں زیرو ٹالرنس کی پالیسی کا عزم، ہلاکتوں پر دکھ کا اظہار
نئی دہلی//حکومت نے بدھ کو لال قلعہ کے باہر کار دھماکے کو “دہشت گردی کا واقعہ” قرار دیا اور تحقیقاتی ایجنسیوں کو ہدایت دی کہ وہ اس معاملے کو “انتہائی عجلت اور پیشہ ورانہ مہارت” کے ساتھ نمٹائیں تاکہ قصورواروں اور ان کے معاونین کو بلا تاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جا سکے۔بھوٹان سے واپسی پر وزیر اعظم نریندر مودی کی زیر صدارت مرکزی کابینہ کی میٹنگ نے ملی ٹینسی کی تمام شکلوں اور مظاہر کے تئیں زیرو ٹالرنس کی پالیسی کے تئیں ہندوستان کے غیر متزلزل عزم کا اعادہ کیا۔لال قلعہ واقعے میں جاں بحق ہونے والے معصوم جانوں کے اعزاز میں دو منٹ کی خاموشی اختیار کرتے ہوئے کابینہ نے واقعے میں جانوں کے ضیاع پر گہرے دکھ کا اظہار کرتے ہوئے ایک قرارداد منظور کی اور کہا کہ حکومت کی اعلیٰ سطحوں پر صورت حال کی قریب سے نگرانی جاری ہے۔بھوٹان کے دو روزہ دورے سے واپس آنے کے فوراً بعد وزیر اعظم نے زخمیوں سے ملنے کے لیے لوک نائک جئے پرکاش ہسپتال کا دورہ کیا۔
انہوں نے کابینہ کمیٹی برائے سلامتی کے اجلاس کی صدارت بھی کی۔یہ میٹنگ لال قلعہ کے باہر دھماکہ خیز مواد سے بھری کار میں دھماکے کے دو دن بعد ہوئی ، جس میں 12 افراد ہلاک ہوئے تھے۔ اسی دن، تین ڈاکٹروں سمیت آٹھ افراد کو گرفتار کیا گیا جب ایک بین ریاستی “وائٹ کالر” ملی ٹینسی کے ماڈیول کا پردہ فاش کیا گیا۔قرارداد میں کہا گیا”کابینہ ہدایت کرتی ہے کہ واقعے کی تحقیقات کو انتہائی عجلت اور پیشہ ورانہ مہارت کے ساتھ آگے بڑھایا جائے تاکہ قصورواروں، ان کے ساتھیوں اور ان کے کفیلوں کی شناخت کی جائے اور انہیں بلا تاخیر انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے، حکومت کی اعلیٰ ترین سطحوں پر صورتحال پر گہری نظر رکھی جارہی ہے” ۔کار دھماکے کو “تشدد کا ایک بے ہودہ عمل” قرار دیتے ہوئے، مرکزی کابینہ نے اس گھنانے اور بزدلانہ فعل کی مذمت کی، اور سوگوار خاندانوں سے دلی تعزیت کا اظہار کیا۔اس نے تمام زخمیوں کی جلد صحت یابی کے لیے بھی دعا کی، اور طبی عملے اور ایمرجنسی رسپانسرز کی فوری کوششوں کو سراہا، جو متاثرین کی دیکھ بھال اور مدد کر رہے ہیں۔وزیر آئی اینڈ بی اشونی ویشنو نے کابینہ کی قرارداد کو پڑھتے ہوئے کہا”کابینہ نے دنیا بھر کی بہت سی حکومتوں کی طرف سے یکجہتی اور حمایت کے بیانات کے لیے اپنی تعریف بھی ریکارڈ کی،” کابینہ نے حکام، سیکورٹی ایجنسیوں اور شہریوں کے بروقت اور مربوط ردعمل کو بھی سراہا جنہوں نے مصیبت کے وقت ہمت اور ہمدردی کے ساتھ کام کیا۔اس نے کہا، “ان کی لگن اور فرض کا احساس انتہائی قابل تعریف ہے۔”کابینہ نے تمام ہندوستانیوں کی زندگیوں اور فلاح و بہبود کے تحفظ کے لئے قومی سلامتی اور ہر شہری کی حفاظت کے لئے اس کی مستقل وابستگی کے مطابق حکومت کے ثابت قدم عزم کی بھی توثیق کی ۔