نوشہرہ //گزشتہ روز نوشہرہ میں فوجی مشق کے دوران ایک شخص کی ہلاکت کے واقعہ پر پولیس نے فوج کے خلاف باضابطہ کیس درج کرکے تحقیقات شرو ع کردی ہے ۔واضح رہے کہ نوشہرہ میں بدھ کی شام 33آر آر بٹالین کے اہلکار مشق کررہے تھے جس دوران 52سالہ شہری رتن سنگھ ولد سنتوکھ سنگھ سکنہ نوپنال فائرنگ کی زد میں آکر ہلاک ہوگیا ۔ پولیس نے پوسٹ مارٹم کرنے کے بعد نعش کو آخری رسومات کی ادائیگی کیلئے اس کے لواحقین کے حوالے کردیا۔اس سلسلے میں پولیس نے تحقیقات کے بعد فوج کے خلاف باضابطہ کیس درج کیاہے ۔یہ کیس ایف آئی آر زیر نمبر 53زیر دفعہ 304کے تحت فوج کی متعلقہ یونٹ کے خلاف درج ہواہے ۔ اس کیس کی تفتیش حوالدار محمد اسلم کررہے ہیں جنہوںنے بتایاکہ یہ معلوم کرناباقی ہے کہ کونسی کمپنی یا پلٹن فائرنگ کررہی تھی اور کیا اس سے قبل مجسٹریٹ و پولیس اور گائوں کے نمبردار و چوکیدار کو بھی آگاہ کیاگیاتھایا نہیں ۔ انہوںنے بتایاکہ پولیس ہر زاویہ سے تحقیقات کرے گی ۔ واضح رہے کہ پچھلے بارہ برسوں کے دوران ایسے واقعات میں آٹھ افراد ہلاک ہوچکے ہیں ۔