سرنکوٹ //ایس ڈی ایم سرنکوٹ رشید کوہلی نے ڈپٹی کمشنر پونچھ کی ہدایت پر ناڑی میں بن رہی پی ایم جی ایس وائی اور محکمہ تعمیرات عامہ کی سڑکوں کا جائزہ لیا ۔مقامی لوگوںنے شکایت کی تھی کہ غیر معیاری کام کے نتیجہ میں ایک سال قبل بچھایاگیا تارکول اکھڑ گیاہے۔ان کاکہناتھاکہ اس سڑک کی دوبارہ مرمت کروائی کی جائے اور نالیاں تعمیر کی جائیں جو نہ ہونے کی وجہ سے پانی لوگوں کے گھروں میں چلاجاتاہے ۔ایس ڈی ایم نے موقعہ کا ملاحظہ کرکے کہاکہ وہ محکمہ کو معیار ی کام کرنے کی ہدایت دیںگے ۔اس دوران محکمہ تعمیرات عامہ کے تحت تعمیر ہورہی سڑک کا جائزہ بھی لیاگیا ۔مقامی لوگوںنے بتایاکہ غیر معیاری کام کیاجارہاہے اور ڈنگے غیر محفوظ ہیں جو کبھی بھی گرکر مکانات کیلئے خطرے کا سبب بن سکتے ہیں ۔انہوںنے کہاکہ متلعقہ حکام کو ہدایات جاری کی جائیں کہ معیاری کام ہو اور غیر معیاری کام کرنے والوں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔ایس ڈی ایم نے لوگوں کو یقین دلایاکہ وہ اس سلسلے میں سخت نوٹس لیںگے ۔انہوںنے کہاکہ ڈنگوں میں سیمنٹ بہت کم استعمال کی گئی ہے اور تارکول بھی غیر معیاری طریقہ سے بچھایاگیاہے ۔انہوںنے کہاکہ معیار پر کوئی سمجھوتہ نہیں کیاجائے گا اور غیر معیاری کام کرنے والو ں کے خلاف کارروائی عمل میں لائی جائے گی ۔