عظمیٰ نیوزسروس
جموں // وزیر اعلیٰ عمر عبداللہ نے اپنی حکومت کے عزم کا اعادہ کیا کہ جموں توی گالف کورس ( جے ٹی جی سی ) سدھڑا کو گالفرز کیلئے ایک اعلیٰ قومی ڈیسٹینیشن کے طور پر پوزیشن دی جائے گی ۔ انہوں نے یہ بات جے ٹی جی سی میں اپنی تربیتی کورس کی تکمیل پر پیرا گلائیڈرز کیلئے منعقدہ اعزازی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہی ۔ اس موقع پر خطاب کرتے ہوئے وزیر اعلیٰ نے کہا کہ سرینگر ، پہلگام اور گلمرگ میں ٹورنامنٹ منعقد ہو رہے ہیں ، جموں کے گالفنگ پوٹینشل کو اس حد تک فروغ نہیں دیا گیا جتنا اس کا حق ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ جموں کا گالف کورس غیر معمولی طور پر خوبصورت اور اعلیٰ معیار کا ہے ۔ ہم اسے فروغ دینے ، مزید ٹورنامنٹس منعقد کرنے اور یقینی بنانے کیلئے سخت محنت کریں گے کہ جے ٹی جی سی ایک قومی گالفنگ ڈیسٹینیشن کے طور پر ابھرے ۔ ‘‘ انہوں نے جموں کے عوام کو یقین دلایا کہ حکومت خطے کو معاشی طور پر مستحکم کرنے اور اسے قومی سیاحتی نقشے پر بلند مقام دینے کیلئے مشترکہ کوششیں کر رہی ہے ۔ انہوں نے کہا ’’ جموں کیلئے ہماری وابستگی غیر متزلزل ہے ۔ چاہے جموں شہر ہو ، اس کے گردو نواح کے علاقے ہوں یا جموں صوبے کے انتہائی دور دراز حصے ، ہماری کوشش یہ یقینی بنانا ہے کہ نہ صرف امن و امان ہو بلکہ خوشحالی بھی ۔ ہم نے کئی اقدامات پہلے ہی اٹھا لئے ہیں اور بہت سے مزید پائپ لائن میں ہیں ۔ ‘‘ وزیر اعلیٰ نے زور دیا کہ جموں میں سیاحت کے غیر معمولی تنوع موجود ہے ۔ ورثہ سیاحت ، زیارت سیاحت ، سرحدی سیاحت اور ایڈوینچر سیاحت جن سب کو مسلسل فروغ کی ضرورت ہے ۔ انہوں نے مزید کہا ’’ یہاں زیادہ سے زیادہ لوگوں کو لانے ، سہولیات کو مزید بہتر کرنے اور اس خطے کی مکمل سیاحتی صلاحیت کو کھولنے کی ضرورت ہے ۔ ‘‘ گالف کورس کی ترقی کا حوالہ دیتے ہوئے انہوں نے کہا ’’ مجھے نہیں معلوم کہ سب سے پہلے ہمیں یہاں گالف کورس قائم کرنے کی کیا ترغیب ملی ۔ لیکن جموں اس کا مستحق ہے ۔ یہاں کے لوگ گالف سے اتنی ہی محبت کرتے ہیں جتنی کہیں اور ، اور اس سہولت کو مضبوط اور فروغ دینا چاہئیے ۔ ‘‘ انہوں نے نئے اقدامات جیسے بہتر سیاحتی بس سروسز کے آغاز کی بھی تعریف کی ۔ انہوں نے کہا ’’ آج شروع کی گئی بس جو سرحدی سیاحت سے منسلک ہے ، ایک خاص اضافہ ہے ۔ ہم نے ہمیشہ یہ موقف اپنایا ہے کہ جموں کی سیاحت کو ہر محاذ پر پروان چڑھانا چاہئیے ۔ ‘‘ اس سے قبل وزیر اعلیٰ نے جے ٹی جی سی سدھڑا میں ایک جدید انڈور سوئمنگ پول کی بنیاد رکھی ، جو خطے میں کھیلوں کے انفراسٹرکچر میں ایک بڑا اضافہ ہے ۔ انہوں نے جموں گیڈی بس سروس کو بھی جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ، جو ایک اختراعی ٹرانسپورٹ اقدام ہے جو سروئیں سر ۔ مانسر اور سوچیت گڑھ جیسے اہم سیاحتی مقامات تک رابطے کو بہتر بنانے کا مقصد رکھتا ہے ۔ نائب وزیر اعلیٰ سریندر چودھری ، وزیر ٹرانسپورٹ ستیش شرما ، وزیر اعلیٰ کے مشیر ناصر اسلم وانی ، ایم ایل اے جموں ایسٹ یدھویر سیٹھی ، وزیر اعلیٰ کے ایڈیشنل چیف سیکرٹری ، ڈائریکٹر ٹورازم جموں اور دیگر سینئر افسران اس تقریب میں موجود تھے ۔ وزیر اعلیٰ نے پیرا گلائیڈرز کو اپنا کورس مکمل کرنے پر مبارکباد دی اور انہیں جموں کی ایڈوینچر سیاحت کی صلاحیت کے سفیروں کے طور پر خدمات انجام دینے کی ترغیب دی ۔