سرینگر// گاندربل کے صفاپورہ علاقہ کے رنگال نامی محلہ میں آگ کی ایک ہولناک واردات کے نتیجے میں تین رہائشی مکانات خاکسترہوگئے اوران میں موجودگھریلوسامان تباہ ہوگیا۔کے این این کے مطابق بشیراحمدشیخ ولدعبدالغنی کے رہائشی مکان میں گزشتہ شام کو اچانک آگ نمودارہوئی ۔اس سے قبل کہ آگ پرقابوپایاجاتا،یہاں سے اُٹھنے والے شعلوں نے نزدیک ہی واقع نذیراحمدشیخ اورریاض احمدشیخ کے رہائشی مکانات کوبھی اپنی لپیٹ میں لے لیااورا س طر ح بیک وقت تینوں مکانات سے شعلے بھڑکنے لگے ۔مقامی لوگوں نے بتایاکہ بشیراحمدشیخ کے مکان میں ممکنہ طورپرسلنڈرسے گیس خارج ہونے کے نتیجے میں نمودارہوئی ۔لوگوں نے بتایاکہ بشیراحمدکے مکان میں آگ نمودارہوتے ہی فائراینڈایمرجنسی سروسزکومطلع کیاگیاتاہم جب تک صفاپورہ ،سمبل اورنائدکھئے سے متعلقہ محکمہ کاعملہ گاڑیاں لیکرجائے واردات تک پہنچ جاتا،تب تک تینوں مکانات کی اوپری منزلیںشعلوں کی لپیٹ میں آچکی تھیں ۔انہوں نے کہاکہ فائرسروسزعملہ نے انتھک کوشش کرکے آگ پرقابوپانے میں کامیابی پائی لیکن تینوں مکانات میں موجودگھریلوسامان کوبھاری نقصان پہنچ چکا۔اُدھرپولیس تھانہ صفاپورہ نے آگ کی اس واردات کی مناسبت سے کیس درج کرکے تحقیقات شروع کردی ہے۔