سرینگر// کو وڈ19کے موجودہ حالات میں اپنی خدمات کا دائرہ وسیع تر بنانے کی غرض سے جموں وکشمیر بینک نے اپنے گاہکوں کی آسائش کیلئے شہر سرینگر میں 3نئے اے ٹی ایم عوام کے نام وقف کئے جن سے نہ صرف جے کے بینک شاخوں میں عوامی رش کو کم کیا جا سکتا ہے بلکہ عوام کیلئے ہر وقت کیش کی فراہمی ممکن ہو سکتی ہے۔ جے کے بینک کے یہ 3اے ٹی ایم نرمان کمپلکس باغات، ڈڈی کدل اور ملہ باغ سرینگر میں چالو کئے گئے جنکا افتتاح بینک کے زونل ہیڈ سینٹرل وَن سید رئیس مقبول نے کیا، جنکے ہمراہ کلسٹر ہیڈ فرحت عباس اور شبیر احمد بھی تھے۔ تینوں جگہ افتتاح کے دوران سماجی دوری کا خاص خیال رکھا گیا جہاں مقامی لوگوں نے بینک کے ان اقدامات کی کافی سراہنا کی۔ اپنے خیالات کا اظہار کرتے ہوئے زونل ہیڈ نے کہا کہ یہ بینک کے چیئرمین و منیجنگ ڈایئریکٹر راجیش کمار چھبر کی دور اندیشی اور ہدایات کا نتیجہ ہے کہ ہم موجودہ کٹھن حالات میں جگہ جگہATMs کو عوام کے نام وقف کر رہے ہیں تاکہ ہمارے گاہک سماجی دوری بنائے رکھتے ہوئے ہماری بہترین آن لائن خدمات کا فائدہ اٹھا سکیں۔زونل ہیڈ نے کہا کہ یہ جے کے بینک کے منشور میں شامل ہے کہ جموں و کشمیر یونین ٹریٹری میں جہاں جہاں لوگ بینکنگ خدمات کی ضرورت کو محسوس کر رہے ہیں وہاں جدید ترین خدمات کو بہم رکھا جائے۔