بانہال //7 روز تک ٹریفک کی آمدورفت کیلئے مسلسل بند رہنے کے بعد بدھ کے روز تین سو کلومیٹر لمبی جموں سرینگر شاہراہ پر گاڑیوں کی آمدورفت یکطرفہ طور جاری رہی۔ اس دوران پتھر گرنے کی وجہ سے ایک پولیس اہلکار سمیت 3افراد زخمی ہوئے۔بدھ کو جموں اور رام بن کے درمیان کئی مقامات پر ایک ہفتے سے زائد عرصہ سے درماندہ پڑے مال اور مسافر بردارگاڑیوں کو وادی کشمیر کی طرف آنے کی اجازت دی گئی جس کی وجہ سے جموں ، ادہمپور اور رام بن کی پسیوں کے آر پار درماندہ مسافروں اور ٹرک ڈرائیوروںکو راحت نصیب ہوئی ۔منگل کی شام سے شاہراہ کی بحالی کے بعد سے بدھ کی شام تک 3 ہزار سے زائد مال اور مسافر گاڑیوں نے جواہر ٹنل پار کیا تھا جبکہ اس دوران کم از کم ایک درجن بار شاہراہ گرتے پتھروں اور پسیوں کی وجہ سے وقفے وقفے سے متاثر بھی رہی اور ٹریفک کو بار بار روکنا پڑا۔سینکڑوں کی تعداد میں مال اور مسافر گاڑیوں کو چندر کوٹ ، ناشری ٹنل اور ادہمپور کے کئی مقامات پر روکنے کے بعدبدھ کی شام پانچ بجے سے وادی کشمیر کی طرف دوبارہ چھوڑ دیا گیا۔ اس دوران منگل کی شام شاہراہ کی بحالی کے بعد جموں سے روانہ ہوا بیشتر مسافر بردار ٹریفک رات بھر کئی مقامات پر شاہراہ کی خراب کے پیش نظر پھنسے رہنے کے بعد بْدھ کی صبح وادی میں اپنی اپنی منزلوں کو جا پہنچا جبکہ ریل سے بانہال میں درماندہ مسافروں نے جموں کی راہ لی۔ اس دوران مسافروں کیلئے ریلوے سٹیشن، بانہال چوک ، ٹھٹھاڑ اور بانہال میں کئی غیر سرکاری اور رضاکار انجمنوں اور دینی جماعتوں کے علاوہ فوج اور مقامی لوگوں کی طرف سے درماندہ مسافروں کیلئے کھانے پینے کے مفت لنگر لگائے گئے۔ بانہال اور رام بن میں تعینات ٹریفک حکام نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ شام تک ماروگ کی پسی کے مقام پر گرتے پتھروں کا سلسلہ کم از کم ایک درجن بار ٹریفک کے خلل کا باعث بنا جبکہ کیلا موڑمیں زیر تعمیر فورلین ٹنل نمبر دو کے نزدیک ایک تازہ پسی بھی گر آئی جس کی وجہ سے ٹریفک کی نقل وحرکت بار بار متاثر رہی۔ انہوں نے کہا کہ ماروگ کے مقام پرگرتے پتھروں کی وجہ سے پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران ایک پولیس اہلکار سمیت تین افراد زخمی ہوئے جن میںتعمیراتی کمپنی کے2 ورکر شامل ہیں۔ انہوں نے کہا کہ گرتے پتھروں کی وجہ سے ماروگ ، پنتھیال سمیت کئی مقامات پر ٹریفک کوبڑی احتیاط کے ساتھ آگے بڑھانے کا عمل بدھ شام تک جاری تھا ۔ انہوں نے کہا کہ بْدھ کے روز ادہمپور سے بحال کئے گئے تمام ٹریفک کو رات دیر تک جواہر ٹنل کو پار کرنے کی ہرممکن کوشش کی جائے گی اورجمعرات کیلئے جموں سرینگر شاہراہ پر جموں سے ہی ٹریفک کو چلنے کی اجازت دی جائے گی اور درماندہ مال بردار ٹرکوں کو وادی کشمیر کی طرف چھوڑا جائے گا۔
اشیائے ضروریہ کی دستیابی یقینی بنائی جائے: گورنر
نیوز ڈیسک
جموں// گورنر ستیہ پال ملک نے ریاست کے صوبائی کمشنروں اور تمام ڈپٹی کمشنروں کو گزشتہ کچھ دِنوں کی بھاری برفباری اور بارشوں سے عوام کو درپیش مشکلات کا فوری ازالہ کرنے کی ہدایت دی ہے ۔اُنہوں نے ڈپٹی کمشنروں کو ذاتی طور پر مختلف عوامی خدمات کی بروقت دستیابی کو یقینی بنا کر متعلقہ اضلاع میں راشن ،رسوئی گیس ،پیٹرول و ڈیزل ، ادویات ، بجلی و پانی اور دیگر اشیائے ضروریہ کی دستیابی کے حوالے سے ایکشن ٹیکن رِپورٹ آج شام تک گورنر سیکرٹریٹ میں داخل کرنے کی ہدایت دی ہے۔گورنر نے کالا بازاری اور گراں فروشی کرنے والے افراد کے خلاف فوری قانونی کارروائی کرنے کی بھی ہدایت دی ہے۔گورنر نے ڈپٹی کمشنروں کو متعلقہ اضلاع میں ہسپتالوں کا معائینہ کر کے گرمی کے انتظامی ، صفائی ستھرائی ، ادویات اور طبی و نیم طبی عملے کی دستیابی کو یقینی بنانے کے احکامات دئیے ہیں ۔ گورنر نے مختلف راستوں سے برف ہٹائے جانے سے متعلق رِپورٹ طلب کر کے ٹریفک کی آواجاہی کو یقینی بنانے کے بھی ہدایات دئیے ہیں۔
رام بن میں برفانی تودے
ایک شہری ہلاک،بانہال میں مکان تباہ
محمد تسکین
بانہال // رام بن اور بانہال کے علاقوں میں برفانی تودوں کے گر آنے کا سلسلہ جاری ہے اور تازہ واقع میں رام بن کے ہالہ دھندراٹھ علاقے میں برفانی تودے کی زد میں آنے سے ایک شخص کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ منگت بانہال علاقے میں ایک بھاری تودے سے ایک مکان کو تباہ کیا ۔ بانہال ، کھڑی ، پوگل پرستان ، رام بن ، راجگڑھ اور گول میں برفباری سے متاثرہ علاقوں میں رہائشی مکانوں ، باغات اور درختوں کو سخت نقصان پہنچا ہے جبکہ مہو منگت میں دو افراد برفانی تودے کی زد میں آکر لقمہ اجل بنے ۔ پولیس کا کہنا ہے کہ تازہ برفانی تودے کی وجہ سے سلام الدین گوجر ولد میر باز گوجر ساکن رنڈ گلی پنچایت ہالہ دھندراٹھ تحصیل وضلع رام بن کی موت واقع ہوئی ہے جبکہ بھاری برفباری کی زد میں بانہال کے مہو منگت علاقے میں ایک بھاری برفانی تودے کے گر آنے کی وجہ سے جمال الدین شیخ ولد ساکن منگت تحصیل کھڑی کا دو منزلہ مکان مال و اسباب سمیت تباہ ہوا ہے۔
بیمار مرغ،گلی سڑی سبزیاں اور پھل
خصوصی چیکنگ سکارڈ تشکیل:صوبائی کمشنر
نیوز ڈیسک
سرینگر// صوبائی کمشنر کشمیر بصیراحمد خان نے کہا ہے کہ وادی میں حالیہ برفباری کے بعد متاثرہ معمولات زندگی پوری طرح بحال ہوگئی ہیں۔انہوںنے کہا کہ سرینگر جموں شاہراہ کئی روز تک مسلسل بند رہنے سے عوام کو جن مشکلات کا سامنا کرنا پڑ ا تھا اُن کااب ازالہ ہوگیا ہے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ بیمار مرغ،گلی سڑی سبزیوں اور ناقابل استعمال میوئوں کی فروخت کو روکنے کے لئے خصوصی چیکنگ سکارڈ تشکیل دئے گئے ہیں۔اس کے علاوہ عوامی مشکلات کے فوری ازالہ کے لئے ضلع سطح پر کنٹرول رومز قائم کئے جاچکے ہیں۔ پٹرول اورڈیزل کے لئے عارضی طور شروع کیا گیا راشننگ نظام بھی منسوخ کیا گیا ہے۔صوبائی کمشنر نے کہا کہ گورنر ستیہ پال ملک اورچیف سیکریٹری بی وی آر سبھرامنیم کی ہدایت پر پوری وادی میں بجلی نظام کو مکمل طور بحال کرنے کے لئے ترجیحی بنیادوں پر اقدامات کئے گئے اور عوام کو برابر1250میگاواٹ بجلی سپلائی کی جارہی ہے ۔