سرینگر// محکمہ سیاحت نے ایک منفرد اور جدید انداز میں سیاحت کے شعبے سے وابستہ مختلف اسٹیک ہولڈرز کیلئے کووڈ19 رہنما خطوط کے نفاذ کے سلسلے میں ایک اہلیت سازی پروگرام کا اہتمام کیا ۔اس افتتاحی پروگرام کی صدارت سیکریٹری محکمہ سیاحت سرمد حفیظ نے کی جبکہ ڈائریکٹر سیاحت کشمیر جی این ایتو سمیت محکمہ کے دیگر سینئر افسران اور عہدیداران کے علاوہ شکاراوالا ، ہاؤس بوٹ مالکان ، ڈل لیک کے فلوٹنگ مارکیٹ ٹریڈرز) تھے۔ اس موقع پر سرمد حفیظ نے کہا کہ یہ پروگرام سیاحت کے مختلف اسٹیک ہولڈرز کو اپنی کاروباری سرگرمیاں جاری رکھتے ہوئے کورونا رہنما خطوط کے بارے میں آگاہ کرنے کے مقصد کے ساتھ ترتیب دیا گیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ اس صلاحیت سازی پروگرام کے ذریعے سیاحت کے شعبے سے وابستہ تمام اسٹیک ہولڈروں کو تربیت فراہم کی جائے گی تاکہ اس سیزن کے دوران کشمیر آنے والے سیاح یہاں کا دورہ کرتے ہوئے اپنے آپ کو محفوظ محسوس کرسکیں۔ سرمد حفیظ نے کہا ’’ کوویڈ۔19 واقعات کی گرتی ہوئی تعداد ، ویکسی نیشن مہم کے دوران 80 فیصد سے زیادہ اسٹیک ہولڈروں کی شرکت نے محکمہ کوکووڈ 19 کے بعد کی صورتحال کے بارے میں سیاحت کے اسٹیک ہولڈروں کی تربیت اور تعلیم دینے کا اعتماد فراہم کیا ہے ‘‘۔ انہوں نے کہا کہ محکمہ ان مشکل اوقات میں ان اسٹیک ہولڈروں کا مستقل طورہاتھ پکڑ رہا ہے۔ انہوں نے مزید کہا کہ اس پروگرام کے علاوہ ، ان سارے افراد کیلئے ایک ویکسی نیشن مہم کا اہتمام کیا گیا تھا جو بالواسطہ یا بلاواسطہ اس شعبے سے وابستہ ہیں تاکہ جب زیادہ سے زیادہ لوگ وادی کشمیر کا رخ کرنے لگیں ، تو وہ خود کو غیر محفوظ محسوس نہیں کریں گے۔محکمہ کے آئندہ اقدامات پر سرمد حفیظ نے کہا کہ آنے والے دنوں میں اس طرح کے پروگرام سیاحتی مقامات پہلگام ، گلمرگ ، سونہ مرگ اور دیگر مقامات پر ہوں گے تاکہ سیاحتی تجارت سے وابستہ لوگ جیسے ہوٹلوں ، پونی والا اور دیگر متعلقہ افراد کو آنے والے موسموں میں سیاحوں سے نمٹنے کے دوران مشاہدہ کیے جانے والے کوویڈ ایس او پیز کے بارے میں آگاہ کیا جائے۔اس موقع پر سکریٹری نے اس پروگرام کو ڈال جھیل کے وسط میں اس طرح کے منفرد اور جدید انداز میں ترتیب دینے کے لئے محکمہ کی تعریف کی جس میں ہاؤس بوٹ مالکان ، شکار والا ، فلوٹنگ مارکیٹ کے تاجروں اور سیاحت کے شعبے سے وابستہ دیگر طبقات کی اچھی شرکت تھی۔