حکومت کسانوں کوتعاون فراہم کرنے کیلئے پرعزم:جاویدڈار
مشتاق الاسلام
سرینگر//کنفیڈریشن آف انڈین انڈسٹری جموں و کشمیر کے زیر اہتمام پانچواں سی آئی آئی جے اینڈ کے ایپل کانکلیو 2025سرینگر میں منعقد ہوا۔ اس سال کانکلیو کا موضوع ’پائیداری، جدت اور شمولیت‘رکھا گیا، جس کا مقصد کشمیر کے سیب کے شعبے کو جدید، پائیدار اور عالمی معیار کے مطابق ترقی دینا تھا۔ اس موقع پر تقریب کے مہمانِ خصوصی جاوید احمد ڈاروزیر زراعت، دیہی ترقی، پنچایتی راج، کوآپریٹو اور الیکشن ڈیپارٹمنٹ، حکومتِ جموں و کشمیر تھے۔انہوں نے اپنے خطاب میں کہا کہ کشمیر کی معیشت میں سیب کے شعبے کی کلیدی اہمیت ہے اور حکومت کسانوں کو جدید ٹیکنالوجی اور پالیسی سپورٹ فراہم کرنے کے لیے پرعزم ہے۔انہوں نے کہا ’’ہمیں اپنے وسائل کو یکجا کر کے زراعت میں انقلابی تبدیلی لانے کی ضرورت ہے۔ ہمارے کسان سیب کی معیشت کی ریڑھ کی ہڈی ہیں اور حکومت ان کی بہبود اور ترقی کے لیے سنجیدہ اقدامات کر رہی ہے۔ پائیداری اور جدت صرف اہداف نہیں بلکہ یہ آنے والی نسلوں کے لیے ہماری ذمہ داری ہیں‘‘۔وائس چانسلر SKUASTکشمیر پروفیسر نذیر احمد گنائی مہمانِ اعزازی کی حیثیت سے تقریب میں شریک ہوئے۔انہوں نے کہا کہ تعلیم، تحقیق اور ٹیکنالوجی میں سرمایہ کاری سیب کی پیداوار بڑھانے کے لیے ناگزیر ہے۔ ان کے مطابق زراعت کا مستقبل علم اور جدت پر منحصر ہے اور ہمیں اپنے کسانوں کو جدید سائنسی تربیت اور وسائل سے آراستہ کرنا چاہئے۔