راجوری // راجوری مسلم یوتھ نے کٹھوعہ سانحہ پرنابالغہ بچی کے حق میں راجوری گوجر منڈی سے کینڈل مارچ نکالا جوڈی سی آفس کے باہر اختتام پذیر ہوا ۔ اس موقعہ پرمقررین نے کہاکہ کٹھوعہ مقتولہ کو انصاف ملنا چاہئے اور قاتلوں کو سزائے موت دی جائے تاکہ آئندہ اس طرح کے شرمناک واقعات رونما نہ ہونے پائیں ۔ انہوں نے کہاکہ آصفہ کے قاتلوں کے حق میں وکلاء اور بھاجپا لیڈران کا شامل ہونا اس بات کا واضح ثبوت ہے کہ کچھ لوگ اپنے ذاتی اور سیاسی مفاد کے لئے معصومہ کے قتل کو مذہبی رنگ دیکر سانحہ کا رخ دوسری طرف موڑنے کی کوشش کررہے ہیں ۔ انہوں نے کہا کہ پوری دنیا میں اس وقت مقتولہ کے لئے انصاف کی اپیل ہورہی ہے اورریاستی سرکار کو چاہئے کہ فاسٹ ٹریک عدالت کا قیام عمل میں لاکر مجرموں کو سزائے موت دے ۔انہوںنے کٹھوعہ عدالت میں چالان پیش کئے جانے کے وقت وکلاء کی ہنگامہ آرائی کی مذمت کرتے ہوئے کہاکہ ان وکلاء کے لائسنس منسوخ کئے جائیں اور ساتھ ہی بار ایسو سی ایشن جموں کے ارکان کے خلاف بھی کارروائی کی جائے جنہوںنے بند کال دی اور روہنگیا مہاجرین کو مارنے کی دھمکی دی ۔انہوںنے کہاکہ شر انگیزیاں پھیلانے والوں پر پی اے ایس عائد کیاجاناچاہئے ۔