پونچھ/ /پونچھ میں لائن آف کنٹرول پر گذشتہ دو دنوں سے جاری کشیدگی کے بعد پیر کو خاموشی رہی جس دوران ہفتہ وار پونچھ راولاکوٹ راہِ ملن بس سروس پر امن ماحول میںحد متارکہ کے آر پار ہوئی ۔سپورٹس سٹیڈیم پونچھ سے روانہ ہوئی بس سے23 مسافرپاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ کے لئے روانہ ہوئے جو سبھی پونچھ میں رہنے والے رشتہ داروں سے ملاقات کے بعد اپنے وطن واپس لوٹ گئے۔اس بار کوئی بھی پونچھ کا مسافر راولاکوٹ اپنے رشتہ داروں سے ملاقات کو روانہ نہیں ہوا۔اُدھر پاکستانی زیر انتظام کشمیر کے راولاکوٹ سے پونچھ سپورٹس سٹیڈیم میں پہنچی بس سے 28مسافر یہاں پہنچے جن میں سے ایک شخص راولاکوٹ میں رہنے والے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے کے بعد اپنے وطن واپس لوٹ آیا جبکہ دیگر27مسافر پونچھ میں رہ رہے رشتہ داروں سے ملاقات کرنے یہاں پہنچے۔اس طرح اس بار 51مسافروں نے حدِ متارکہ کے آر پار کا سفر کیا۔