راجوری//تعمیرات عامہ کے وزیر نعیم اختر اور خوراک ، شہری رسدات اور امور صارفین و قبائلی امورکے وزری چودھری ذوالفقار علی نے راجوری میں اہم نوعیت کے کئی پروجیکٹوں کا سنگ بنیاد رکھا ۔اس موقعہ پر ایم ایل اے اعجاز میر اور دلاور میر بھی موجود تھے۔ان پروجیکٹوں میں 40 کروڑ روپے لاگت والے جی ایم سی راجور ی کے رہائشی بلاک اور 55کروڑ روپے کئی سڑک پروجیکٹ شامل ہیں۔اس موقعہ پر ڈی سی راجوری ڈاکٹر شاہد اقبال چودھری اور مختلف محکموں کے کئی دیگر اعلیٰ افسران بھی موجود تھے۔وزراء نے ان پروجیکٹوں کی بروقت تکمیل کو یقینی بنانے کی ضرور ت پرزور دیتے ہوئے کہاکہ کاموں کے معیار اور شفافیت کو ہر صورت میں برقرار رکھا جانا چاہیئے ۔انہوںنے کہا کہ ان پروجیکٹوں کی بدولت راجوری میں لوگوں کو بہتر طبی اور سڑک رابطے کی سہولیات دستیاب ہوں گی۔جی ایم سی کے رہائشی بلاک سنگ بنیاد رکھنے کے بعد وزراء نے کالج کے انتظامی بلاک کا بھی معائینہ کیا۔اس دوران انہوںنے کئی سڑک پروجیکٹوں کا بھی معائینہ کیا۔عوامی اجتماع سے خطاب کرتے ہوئے نعیم اختر نے کہا کہ سڑکوں کو کسی بھی علاقے کی اقتصادی ترقی میں کلیدی اہمیت حاصل ہے اور حکومت ا س سیکٹر کو بڑھاوادینے کے لئے ہر ممکن اقدامات کر رہی ہے ۔چودھری ذوالفقار علی نے کہاکہ بہتر سڑک رابطوں سے روزگار کے مواقع پیدا ہوتے ہیں اور لوگوں کو مختلف سیکٹروں میں کئی بنیادی ضروریات دستیاب ہوتی ہے۔