سری نگر// جموں وکشمیر میں دو دنوں کے برف و باراں کے بعد اتوار کے روز موسم میں بہتری دیکھنے کو ملی جس سے بازاروں میں رونقیں بحال ہونے لگی ہے۔
محکمہ موسمیات کی پیش گوئی کے مطابق آنے والے چوبیس سے 48 گھنٹوں کے دوران وادی کشمیر کے چند مقامات پر ہلکی بارش یا برف باری ہو سکتی ہے جس کے بعد 16جنوری تک موسم خشک رہنے کا امکان ہے۔
وادی میں دو دنوں کے برف و باراں کے بعد جہاں شہر وگام کی سڑکیں اور گلی کوچے ہنوز زیر آب ہیں وہی دور دراز علاقوں کی رابط سڑکیں ہنوز بند پڑی ہوئی ہے۔
شہر سری نگر میں اگر چہ گلی کوچوں اور دیگر جگہوں سے پانی کی نکاسی کا کام شروع کیا گیا ہے لیکن سڑکوں کے گڑھوں میں جمع پانی راہگیروں کے لئے مسلسل وبال جان بنا ہوا ہے۔
لوگوں کا الزام ہے کہ ناقص ڈرینج نظام کی وجہ سے بارش کے پانی کی نکاسی ناممکن ثابت ہو رہی ہے۔
لوگوں کا کہنا ہے کہ وادی میں شہر و گام کی سڑکیں کھنڈرات نظر آرہی ہیں جن پر پیدل چلنا بھی مشکل ہے۔
ادھر محکمہ موسمیات کے ایک ترجما ن نے بتایا کہ گرمائی دارلحکومت سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.2 سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت 0.3 ریکارڈ کیا گیا ۔
سری نگر میں 18دسمبر کو سرد ترین رات درج ہوئی تھی جس دوران کم سے کم درجہ حرارت منفی 6.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے مشہور زمانہ سیاحتی مقام گلمرگ میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 15سینٹی میٹر برف ریکارڈ کی گئی جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 10.0ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ شب منفی 4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں پچھلے چوبیس گھنٹوں کے دوران 16.8سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.8ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیاگیا جبکہ گزشتہ شب منفی 0.2ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا تھا۔
سرحدی ضلع کپواڑہ میں 4.1 سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ شب 0.0 ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں 14سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ کم سے کم درجہ حرارت منفی 0.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جبکہ گزشتہ شب 0.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لہیہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 8.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکاڈ کیا گیا ۔بانہال میں 19.8سینٹی میٹر تازہ برف جمع ہوئی ہے جبکہ بٹوٹ میں 24.5 سینٹی میٹر اور بدروراہ میں 20.3س ینٹی میٹر تازہ برف ریکارڈ ہوئی ہے۔صوبہ جموں میں موسلا دھار بارشیں ہوئیں اور جموں میں 28.4 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دریں اثنا وادی میں بھاری برف باری سے معمولات زندگی درہم برہم ہو کررہ گئے ہیں۔سڑکوں پر جمع برف نے لوگوں کو گھروں میں ہی مقید کردیا ہے۔وادی کے بالائی و دیگر دور افتادہ علاقوں میں ٹرانسپورٹ کی نقل وحمل مکمل طورپر بند رہی جبکہ دیگر سرگرمیاں بھی مفقود رہیں۔
قابل ذکر ہے کہ سردیوں کے بادشاہ چلہ کلان اکیس دسمبر سے اپنے چالیس روزہ مسند اقتدار پر پوری آب و تاب کے ساتھ جلوہ افروز ہو گیا ہے۔چلہ کلان جو شہنشاہ زمستان کے نام سے بھی وادی کے قرب و جوار میں مشہور ہے،21دسمبر سے شروع ہوکر 31 جنوری کو اختتام پزیر ہوتا ہے۔
اس کے اختتام کے بعد بیس روزہ چلہ خور تخت نشین ہو جاتا ہے تاہم اس کی حکومت کے دوران سردی کی شدت میں بتدریج کمی واقع ہونے لگتی ہے تاہم بھاری برفباری کو بھی خارج از امکان قرار نہیں دیاجاسکتا ہے۔