اشتیاق ملک
ڈوڈہ //حالیہ تباہ کن بارشوں سے جہاں ڈوڈہ ضلع میں رابطہ سڑکیں خستہ حال ہوئیں ہیں اور ندی نالوں میں طغیانی کے باعث متعدد مقامات پر عارضی پل بہہ گئے ہیں وہیں سو سے زائد مکانات و دیگر تعمیرات کو نقصان پہنچا ہے۔ اطلاعات کے مطابق پچھلے تین روز ڈوڈہ ،بھدرواہ ،ٹھاٹھری ،گندوہ و بھلیسہ ،مرمت کے بالائی علاقوں میں برفباری، موسلا دھار بارش، ژالہ باری و تیز ہواؤں سے وسیع پیمانے پر تباہی مچی ہوئی ہے اور ڈوڈہ بٹوت قومی شاہراہ سمیت اندرونی دیہات کی متعدد رابطہ سڑکوں پر کئی جگہوں پر پسیاں و ملبہ گر آیا ہے تاہم سبھی سڑکوں کو آمدورفت کے لئے بحال کیا گیا ہے۔ ڈی ڈی سی کونسلر بھلیسہ چوہدری محمد اقبال کوہلی نے کشمیر عظمیٰ کو بتایا کہ تباہ کن بارشوں و تیز ہواؤں سے چلی و گندوہ بلاک میں درجنوں رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اور عارضی پل سیلاب میں بہہ گئے ہیں۔ انہوں نے ضلع و صوبائی انتظامیہ سے متاثرہ کنبوں کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے و پگڈنڈی راستوں کی مرمت کا مطالبہ کیا ہے ہے۔ سرکار اعداد و شمار کے مطابق سب ڈویژن گندوہ میں پچاس و ٹھاٹھری، مرمت میں 30 کے قریب رہائشی مکانات کو نقصان پہنچا ہے اس کے علاوہ درجنوں اسکولی عمارتوں کی چھتیں بھی اڑ گئیں ہیں۔
ایس ڈی ایم گندوہ نے متعدد علاقوں کا دورہ
نقصانات کاجائزہ و شجر کاری مہم کا بھی افتتاح کیا
اشتیاق ملک
گندوہ //سب ڈویژنل مجسٹریٹ گندوہ ارون کمار بڈیال نے بھلیسہ کے متعدد علاقوں کا دورہ کرکے بارشوں، برفباری و تیز ہواؤں سے ہوئے نقصانات کا جائزہ لیا۔ انہوں نے کالجگاسر، ٹپری، بھرتی ڈھوسہ، چنگا، بھٹیاس ،جطوطہ و دیگر مضافات کے دورے کے دوران عوامی وفود سے بھی ملاقات کی۔ ایس ڈی ایم نے لوگوں کو یقین دلایا کہ بارشوں، برفباری و تیز ہواؤں سے ہوئے نقصانات کی بھرپائی کے لئے انتظامیہ ہر ممکن اقدامات کرے گی۔ انہوں نے کہا کہ نقصانات کا تخمینہ لگا کر مکمل رپورٹ حکام کو روانہ کی گئی ہے۔ ایس ڈی ایم نے فیلڈ عملہ کو ہدایت دی کہ وہ عوامی مسائل کے حل کیلئے ہر وقت تیار رہیں۔ اس دوران انہوں نے سب ضلع ہسپتال کے احاطے میں محکمہ جنگلات و فارسٹ پروٹکشن فورس کے اشتراک سے منعقد شجر کاری مہم کا آغاز کیا۔ اس موقع پر رینج آفیسر سریش سنگھ جموال،بی ایم او ڈاکٹر گھنشام، انچارج ایف پی ایف فاروق احمد وانی بھی موجود تھے۔