رانچی//یو این آئی// جھارکھنڈ کے وزیر اعلیٰ ہیمنت سورین نے کہا کہ پٹرول اور ڈیزل کی قیمتوں میں مسلسل اضافہ ہو رہا ہے ، جس سے غریب اور متوسط طبقے کے لوگ سب سے زیادہ متاثر ہو رہے ہیں۔ اس لیے حکومت ریاستی سطح سے دو پہیہ گاڑیوں کے پٹرول پر 25 روپے فی لیٹر کی راحت دے گی۔ اس کے فائدہ 26 جنوری 2022 سے ملنا شروع ہو جائے گا۔ وزیر اعلیٰ نے یہ باتیں بدھ کو اپنی حکومت کی دوسری سالگرہ کے موقع پر دارالحکومت رانچی کے مورہابادی میدان میں منعقدہ کلیدی ریاستی تقریب سے خطاب کرتے ہوئے کہیں۔ وہ راشن کارڈ ہولڈر جن کے پاس بائک یا اسکوٹی ہے ، لیکن وہ پٹرول نہیں بھروا پا رہے ہیں، انھیں 25 روپے فی لیٹر کی رعایت ملے گی، ایک غریب خاندان کو ہر ماہ 10 لیٹر پیٹرول ملے گا۔ اس طرح غریب خاندان کے بینک اکاؤنٹ میں ماہانہ 250 روپے منتقل ہوں گے ۔وزیراعلیٰ نے کہا کہ حکومت طلبہ کو اسٹوڈنٹ کریڈٹ کارڈ بھی فراہم کرے گی تاکہ ذہین طلبہ کو تعلیم حاصل کرنے میں کسی قسم کی دشواری کا سامنا نہ کرنا پڑے ۔ انہوں نے کہا کہ حکومت بینک انتظامیہ کی جانب سے قبائلی برادری کے بچوں کو قرضے نہ دینے پر سنجیدہ ہے ، آنے والے دنوں میں اس مسئلے کا حل نکال لیا جائے گا۔ انہوں نے کہا کہ محصولات بڑھانے کے لیے ریاستی حکومت نے معدنیات لے جانے والی گاڑیوں سے ٹول ٹیکس وصول کرنے کا فیصلہ کیا ہے ۔