سرینگر//کشمیر تحریک خواتین کی سر براہ زمردہ حبیب نے کرالہ گنڈ لنگیٹ کی لڑکی پر تیز اب پھینکنے پر غم و غصے کا اظہار کرتے کہا کہ اس قسم کی انسانیت سوز غیر اخلاقی حرکات قابل مذمت ہی نہیں بلکہ معاشرے کے لئے سم قاتل ہے۔ اس دلخراش واقعہ کی ملامت اور ملوثین کو متنبہ کرتے ہوئے انہوں نے کہا کہ پچھلے کئی سالوں سے ایسے واقعات پیش آرہے ہیں جن سے نہ صرف دل رنجیدہ ہوتاہے بلکہ صنف نازک کے دلوں میںتشویش و خوف میںمزید اضافہ ہو تا جا رہا ہے وہ اپنے ہی علاقوں میں اپنے آپ کو غیر محفوط محسوس کر رہی ہے۔ خواتین کو ہراسان اور تشدد کا نشانہ بنانا اسلامی اصولوں کے خلاف ہے اور کسی بھی مہذب قوم خاصکر ہمارے سماج میں ایسے انسانیت سوز عمل کی کوئی بھی جگہ نہیں ہے، اس غیر اخلاقی عمل پر دکھ اور افسوس کا اظہار کرتے زمردہ حبیب نے کہا کہ ایسی اخلاقی گراوٹ ہماری قوم کو تباہ کررہی ہے جو نہایت ہی فکر مندی کی بات ہے اور اس رحجان کی روک تھام کیلئے خواتین و نوجوانوں کو آگے آنا اور سماج میں بدکاریوں،عیاشی و اُباشی پر قابو پانے کے لئے اپنا کردار نبھانا ہوگا ۔تب ہی جا کر صنف نازک پر بڑ ھتے تشدد پر روک لگائی جا سکتی ہے۔ زمردہ حبیب نے تیز اب سے متاثرہ جوا ں سالہ لڑکی و اُس لواحقین کے ساتھ اپنی یکجہتی کا اظہارکرتے پولیس سے اس معاملے کی فوری تحقیقات اور ملوث افراد کے خلاف سخت قانونی کاروائی کا مطالبہ کیا۔