عظمیٰ نیوزسروس
سرینگر//بڈگام ضمنی انتخاب میں پیپلز ڈیموکریٹک پارٹی کی حیران کن کامیابی کے بعد نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر اور رکنِ پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے ایک قرآنی آیت کا حوالہ دیتے ہوئے اپنی جماعت کے لیے ایک معنی خیز اور اخلاقی پیغام جاری کیا ہے ۔ انہوں نے سوشل میڈیا پلیٹ فارم ایکس پر سورۃ الاعراف کی آیت نمبر 146 کا حوالہ دے کر تکبر، غلط روش اور عدمِ بصیرت کے نتائج پر روشنی ڈالی۔ آغا روح اللہ پہلے ہی انتخابی مہم سے دور رہے تھے ، اور آج کی یہ پوسٹ پارٹی کے اندر ایک معنوی اشارہ سمجھی جا رہی ہے ۔ تجزیہ کاروں کے مطابق آغا روح اللہ کا یہ پیغام نہ صرف سیاسی تبصرہ ہے بلکہ پارٹی قیادت کو خود احتسابی، عاجزی اور عوامی احساسات کو سمجھنے کی دعوت بھی ہے ۔ ان کے مطابق قرآنی حوالہ استعمال کر کے انہوں نے اس بات پر زور دیا کہ سیاسی تکبر، عوامی جذبات سے بیگانگی اور غلط روش پر اصرار کسی بھی جماعت کے لیے نقصان دہ ثابت ہو سکتا ہے ۔
اس دوران ممبر پارلیمنٹ آغا روح اللہ مہدی نے گھروں کی مسماری کے واقعات پر شدید ردعمل ظاہر کرتے ہوئے کہا ہے کہ بغیر شواہد، عدالتی حکم یا قانونی بنیاد کے کسی بھی خاندان کو گھر سے محروم کرنا نہ صرف ناانصافی ہے بلکہ اجتماعی سزا دینے کے مترادف ہے۔انہوں نے ایکس پر کہا کہ اس طرح کی کارروائیاں انصاف کے تقاضے پورے نہیں کرتیں بلکہ کشمیری عوام کو مزید تکلیف اور بے گھر ہونے کے خطرات سے دوچار کرتی ہیں۔آغا روح اللہ نے اپنے بیان میں کہا:گھروں کو گرانے سے نہ تو دہشت گردی کے متاثرین کو انصاف ملتا ہے اور نہ ہی امن قائم ہوتا ہے۔ این سی رہنما نے اس بات پر زور دیا کہ اصل مجرموں کا پتہ لگانے، ان کی شناخت کرنے اور انہیں قانون کے مطابق سزا دینے کے لیے ٹھوس اور منصفانہ تحقیقات ضروری ہیں۔ ان کے مطابق غیرقانونی مسماریاں، اجتماعی سزائیں، بڑے پیمانے پر حراستیں اور دبا پر مبنی پوچھ گچھ جیسے اقدامات صورتحال کو بہتر بنانے کے بجائے کشمیر کو کئی دہائیوں پیچھے دھکیل دیں گے۔ان کا یہ تبصرہ اس وقت سامنے آیا ہے جب آج صبح پلوامہ میں دہلی دھماکے کے کلیدی ملزم کے گھر کو بارودی مواد سے منہدم کردیا گیا۔