راجوری //ڈپٹی کمشنر راجوری نے تجاوزات ہٹانے کی مہم کو جاری رکھنے کا اعلان کرتے ہوئے آج ملک مارکیٹ میں تاجروں سے ملاقات کی ۔ اس موقعہ پر انہوں نے بتایا کہ ’’دوماہ بعد میرے لئے رائے قائم کرنا ‘‘عوامی مفاد کے لئے ہر ممکنہ اقدام اٹھائیں گے ۔ انہوں نے بتایا کہ تجاوزات مخالف مہم محض لوگوں کو راحت پہنچانے کے لئے شروع کی گئی ہے اس میں سیاسی اور سماجی مداخلت کی پرواہ نہیں کی جائے گی ۔ انہوں نے کہا کہ بیلہ کالونی سے لوگوں کو ہٹاکر انہیں رہنے سہنے اور دیگر بنیادی سہولیات کا مکمل بندوبست کیا گیا ہے ۔اور ملک مارکیٹ سے قدیم مغل روڈکو بحا ل کرکے راہگیروں سمیت دیگر لوگوں کو راحت پہنچائی جائے گی ۔ شاید اقبال نے یہ بھی بتایا کہ لوگوں کا تعاون ضلع انتظامیہ کے لئے کافی اہم ثابت ہورہا ہے اور لوگ بذات خود تجاوزات ہٹارہے ہیں جو ایک اہم پیش رفت ہے ۔ انہوں نے یہ بھی بتایا کہ کچھ لوگ اگر چہ تجاوزات ہٹانے کی مخالفت کرتے ہیں انہیں چاہئے کہ وہ صبر سے کام لیں اور دوماہ بعد اپنی آراقائم کریں ۔ راجوری کو ایک خوبصورت قصبہ بنانا ہے تاکہ اس قدیم شہر کی رونق بحال ہوسکے ۔ اس موقعہ پر وہاں موجود سینکڑوں لوگوں نے ڈی سی راجوری زندہ باد کے نعرے بھی بلند کئے ۔ اور تاجروں نے تجاوزات ہٹانے میں اپنا تعاون دینے کی بھی حامی بھری ہے۔