عظمیٰ نیوز سروس
راجوری // بھارتیہ جنتا پارٹی کے سینئر لیڈر اور سابق ریاستی صدر رویندر رینہ نے بہار اور جموں کے نگروٹہ اسمبلی حلقہ میں ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی شاندار کامیابی کو وزیراعظم نریندر مودی کی مضبوط اور قابلِ اعتماد قیادت کا ثبوت قرار دیا ہے۔رینہ نے کہا کہ پورے ملک کے عوام کو وزیر اعظم مودی کے ویژن، پالیسیوں اور شفاف طرزِ حکمرانی پر مکمل یقین ہے، اور یہی بھروسہ انتخابی نتائج میں واضح طور پر نظر آیا ہے۔انہوں نے کہا کہ اگرچہ اپوزیشن جماعتیں بی جے پی کے خلاف متحد ہو کر ایک پلیٹ فارم پر آئیں، لیکن عوام نے پھر بھی این ڈی اے کو فیصلہ کن جیت سے نوازا، جو ملک میں ترقی، استحکام اور مضبوط قیادت کی خواہش کا صاف ثبوت ہے۔ رینہ کے مطابق عوام نے ایک بار پھر ثابت کر دیا ہے کہ وہ وزیر اعظم مودی کی قیادت میں ملک کو آگے بڑھتا ہوا دیکھنا چاہتے ہیں۔نگروٹہ ضمنی انتخاب میں بی جے پی کی جیت پر بات کرتے ہوئے رینہ نے کہا کہ اس کامیابی نے نہ صرف بی جے پی کارکنوں کے حوصلے بلند کئے ہیں بلکہ جموں خطے میں پارٹی کی مضبوطی اور اثر و رسوخ میں نمایاں اضافہ بھی کیا ہے۔ انہوں نے کہا کہ یہ نتیجہ ثابت کرتا ہے کہ جموں کے عوام بی جے پی کی پالیسیوں اور ترقیاتی وڑن پر مکمل اعتماد رکھتے ہیں۔انہوں نے مزید کہا کہ نگروٹہ کی جیت اس بات کا اشارہ ہے کہ مرکزی قیادت کی جانب سے ریاست میں ترقیاتی منصوبوں، عوامی فلاحی اقدامات اور شفاف حکمرانی نے ووٹروں کا اعتماد مزید مضبوط کیا ہے۔ رینہ نے کہا کہ آنے والے انتخابات میں بھی بی جے پی اسی عوامی حمایت کے سہارے مزید کامیابیاں حاصل کرے گی۔انہوں نے یہ یقین ظاہر کیا کہ بی جے پی کی قیادت ملک کو ترقی، خوشحالی اور مضبوط مستقبل کی طرف لے جانے کیلئے پرعزم ہے اور عوام کا یہ غیر متزلزل اعتماد پارٹی کے لئے سب سے بڑی طاقت ہے۔