بھدرواہ //صدیوں پُرانی روایت کو جاری رکھتے ہوئے بیساکھی کے تہوار پر نامور قدیم صوبر ناگ مندر میں 17ہزار سے زائد شردھالو وں نے شرکت کی۔اس قدیم تہوار سے خطہ میں بہار کی آمد شروع ہوتی ہے۔صوبر دھار علاقہ میں قائم اس قدیم مندر میںتقریبات صُبح و صویرے ہی شروع ہوگئی، جس میں سینکڑوں ناگ شردھالووں نے برف سے لدے ہوئے پہاڑ پر واقع اس مندر میںحاضری دی۔اس موقعہ پر قدیم رواعیت کے تحت درجنوں بھیڑ وں کی قربانی دی گئی۔ تواریخی مندر کے پُجاری نے کہا کہ اس تہوار کی نہ صرف مذہبی اہمیت ہے بلکہ یہ اس علاقہ کا ایک قدیم تہوار بھی ہے۔وادی کے مُختلف حصوں سے آئے ہوئے لوگ مبارک چھڑی کو لیکر پہنچتے ہیںاور بھگوان سوبھار ناگ کا آشیرواد حاصل کرتے ہیں۔یاتریوں میں 10ہزار مرد اور 7 ہزار خواتین یاتری شامل تھیں۔ایک خاتون یاتری سونیکا راج نے کہا کہ چار مہینوں کی سردی کے بعد اس تہوار سے، جو کہ موسم بہار کی آمد کا عکاس ہے ،لوگ گھروں سے باہر آتے ہیںاور خوشیاں مناتے ہیں اور بھگوان سوبہر ناگ کا آشیرواد حاصل کرتے ہیں۔بھدرواہ اپنے منفرد ناگ کلچر،قدیم مندروں اور بلندیوں پر قائم یاترائوں کے لئے مشہور ہے،اسے ناگ بھومی کے نام سے بھی جانا جاتا ہے،جسکی وجہ سے ہزاروں کی تعداد میں یاتری اس علاقہ کا دورہ کرتے ہیں ۔علاوہ ازیں بھدرواہ سیاحت کے لئے بھی مشہور ہے،جسکی وجہ سے لاکھوں کی تعداد میں سیاح بھدرواہ کا دورہ کرتے ہیں۔