مینڈھر //مینڈھر سب ڈویژن میں بھاٹی دھار ٹوپہ واٹر سپلائی سکیم گزشتہ کئی عرصہ سے بند رہنے کی وجہ سے عام لوگوںکو پینے کے صاف پانی کی شدید قلت کا سامنا کرناپڑرہا ہے ۔مکینوں نے بتایا کہ واٹر سپلائی سکیم کو مکمل ہوئے 12برس گزر چکے ہیں لیکن متعلقہ محکمہ نے آج تک ان کو پینے کا صاف پانی مسلسل سپلائی ہی نہیں کیا جس کی وجہ سے ایک وسیع علاقہ کی عوام پینے کا صاف پانی قدرتی چشموں سے لانے پر مجبور ہیں ۔انہوں نے بتایا کہ گرمی کے اس موسم میں قدرتی چشموں پر بھی پانی کی قلت ہونا شروع ہو گئی ہے لیکن متعلقہ محکمہ و ملازمین عوام کو پانی سپلائی کرنے میں کوئی دلچسپی ہی ظاہر نہیں کررہے ہیں ۔انہوں نے الزام عائد کرتے ہوئے کہاکہ کروڑوں روپے مالیت کی سکیم بنانے کے بعد بھی ملازمین مشینری میں خرابی کیساتھ ساتھ میکینکل شعبہ والے ملازمین پی ایچ ای ملازمین پر الزام عائد کر کے وقت گزار رہے ہیں تاہم ملازمین کی اس بہانہ بازی میں مکینوں کی مشکلات میں اضافہ ہوتا جارہا ہے ۔غور طلب ہے کہ علاقہ میں پڑنے والی گرمی کی وجہ سے پہاڑی علاقوں میں پینے کے صاف پانی کی قلت پیدا ہو گئی ہے لیکن محکمہ پی ایچ ای بھی عوام کی سپلائی بحال کرنے میں سنجیدہ نہیں ہے جس کی وجہ سے خواتین کئی کلومیٹر کی پید ل مسافت طے کر کے پینے کیلئے صاف پانی لانے پر مجبور ہیں ۔مکینوں نے مانگ کرتے ہوئے کہاکہ محکمہ پی ایچ ای کو ہدایت جاری کی جائیں تاکہ ٹوپہ کی عوام کو پینے کا صاف پانی مل سکے جبکہ لا پرواہ ملازمین کیخلاف کارروائی عمل میں لائی جائے ۔