سرینگر// نیشنل کانفرنس کے سینئر لیڈر آغا سید روح اللہ مہدی نے کورونا وائرس کے پھیلائو پر تشویش کا اظہار کیا اور انتظامیہ خصوصاً ضلع ترقیاتی کمشنر بڈگام اور شعبہ صحت کے اعلیٰ حکام پر زور دیا ہے کہ وہ اس عالمگیر وباء کو مزید پھیلنے سے روکنے کے لئے تمام مشینری کو متحرک کریں۔ انہوں نے کہا کہ ضلع کے ہسپتالوں میں آکسیجن کی قلت سے عوام میں بے چینی کی لہر دوڑ گئی ہے ۔ انہوں نے اس بات پر تشویش کا اظہار کرتے ہوئے انتظامیہ پر زور دیا کہ آکسیجن کی وافر دستیابی یقینی بنانے کیلئے ضروری اقدامات کئے جائیں ۔ انہوں نے کہا کہ ضلع میں جن علاقوں کو کنٹینمنٹ زون قرار دیا گیا ہے اُن میں مریضوں کیلئے آکسیجن اور ضروری ادویات کے علاوہ اشیائے خورد ونوش کی دستیابی کو بھی یقینی بنایا جانا چاہئے۔انہوں نے عوام سے اپیل کی کہ وہ تمام احتیاطی تدابیر پر عمل پیرا ہوکر کورونا وائرس کی روک تھام میں اپنا کردارادا کریں۔