بھدرواہ/ / سماج کی کُل ہُم ترقی کے لئے بچہ مزدوری کے خاتمہ کی ضرورت پر بھدرواہ میں بچہ مزدوری کے خلاف ایک بیداری ریلی منعقد کی گئی جس میں طلبا کی ایک بڑی تعداد نے شرکت کی۔ریلی کو سینئر صحافیوں طاہر ندیم خان یوسف زائی، ماجد ملک اور راجا رہبر جمال نے سوشل ورکر ناصر کے شاہ کے ہمراہ ہری جھنڈی دکھا کر روانہ کیا ۔ریلی میں شامل طلبا نے ہاتھوں میں تختیاں اور بینر اُٹھائے تھے جن پر سماج کی ترقی کے لئے بچہ مزدوری کے خاتمہ،لازمی تعلیم کے نمایاں خصوصیات، تعلیم حاصل کرنے کی اہمیت وغیرہ تحریر کیا گیا تھا ۔ریلی ریزروائر کالونی، ُنیجا ،کھائی سے ہوتے ہوئے مین مارکیٹ پہنچی ۔ریلی میں صحافیوں ،طلبا و طالبات کے علااوہ اساتذہ نے بھی شرکت کی۔ریلی کے اختتام پر شرکا کو بچہ مزدوری کے خلاف حلف دلایا گیا۔اس موقعہ پر چھٹی جماعت کی ایک بچی فلاح فاطمہ نے حلف لی کہ وہ اپنے والدین کو اپنے بچوں جیسا سلوک نوکروں کے ساتھ کرنے پر اصرار کریں گے۔ بھدرواہ ویلی پبلک سکول کے پرنسپل یاصر شیخ نے ریلی سے خطاب کرتے ہوئے کہا کہ ہمارے سماج میں آجکل بچہ مزدورہوٹلوں،ٹی اسٹالوں، فیکٹریوں، اینٹ بھٹوںاور یہاں تک کہ کان کنی کے مقامات پر پائے جاتے ہیں۔بچہ مزدوری کے خلاف قوانین ہونے کے باوجود سماج میںہر جگہ پر بچہ مزدور دیکھنے کو ملتے ہیں۔اُنہوں نے مزید کہا کہ آج ہم نے بچہ مزدوری کے خلاف ایک بیدری ریلی نکالی ،تاکہ سماج کے ہر ایک کو یہ پیغام ملے کہ بچہ مزدوری سماج کیلئے شرمناک ہے اور اس کا خاتمہ لازمی ہے۔دریں اثنا سرتنگل میں اختر پبلک سکول کے طلبا نے بھی بچہ مزدوری کے خلاف ایک ریلی نکالی۔