ڈوڈہ //بونجواہ کے عوام نے ڈوناڈی۔بونجواہ ۔کیوا پُل کیتھر روڈ کی ناگفتہ حالت کے خلاف ایک زور دار احتجاجی مُظاہرہ کیا اور ٹھاٹھری میں این ایچ 1 بٹوت کشتواڑروڈ کو جام کردیا جسکی وجہ سے اس سڑک پر آمد و رفت مسدود ہو کر رہ گئی۔مُظاہرین حلقہ اندروال کے ایم ایل اے کی جانب سے اس علاقہ کو فراموش کرنے کے خلاف بھی مظاہرہ کیا۔مظاہرین نے محبوبہ مفتی اور متعلقہ ایم ایل اے پر الزام لگایا کہ سڑک کے19کلو میٹر کے ٹکڑے کوگُذشتہ کئی دہائیوںسے مکمل نہیں کیا گیا ہے۔انہوں نے کہا کہ یہ معاملہ باعث تشویش ہے کہ21ویں صدی میں بھی اس سڑک پر میکڈم نہیں بچھایا گیا ہے۔ ضلع انتظامیہ نے بذریعہ فون مظاہرین کو یقین دلایا کہ وہ اس سڑک کی دیکھ ریکھ نیز میکڈم بچھانے کو فوری طورسے کام شروع کیا جائے گا اور اسکے لئے ٹینڈرنگ عمل توسیع شدہ ریٹوںپر ایک ہفتہ کے اندر اندر مکمل کیا جائے گا ، جس کے بعد مظاہرین نے اپنا احتجاج ختم کردیا ۔دریں اثنا ، بونجواہ کے عوام نے کہا کہ اس علاقہ میں بنیادی سہولیات کا فقدان ہے جس میں سے سڑک کا معاملہ سر فہرست ہے۔