پونچھ //سوئوچھ بھارت مشن کے تحت پونچھ میں ساتھرہ ایسا پہلا بلاک بن گیاہے جس کو اوڈی ایف قرار دیاگیاہے ۔ اس بلاک سمیت ضلع میں 18پنچایتوںکو اوڈی ایف کادرجہ دیاگیاہے جس میںسے دس پنچایتیں ساتھرہ کی ہیں ۔ ساتھرہ میں 3488بیت الخلاء تعمیر کئے گئے ہیں ۔اس سلسلے میں ڈپٹی کمشنر پونچھ محمد اعجاز اسد کی قیادت میں ایک تقریب منعقد ہوئی جس دوران محکمہ دیہی ترقی کے افسران نے بھی شمولیت کی ۔اس موقعہ پر ڈی سی نے ساتھرہ کے لوگوں کو مبارکباد پیش کرتے ہوئے کہاکہ انہوںنے اپنے علاقے سے گندگی کو ختم کردیا۔بلاک ساتھرہ میں ڈپٹی کمشنر کی قیادت میں صرف پانچ دنوں میں 1207بیت الخلاء تعمیر کئے گئے جس سے یہ ہدف پورا ہوسکا۔ڈپٹی کمشنر نے بلاک ڈیولپمنٹ افسر کو مبارکباد پیش کی اور ان کی کارکردگی کی ستائش کی ۔انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے دیگر بلاکوں کو بھی اوڈی ایف قرار دینے کیلئے محنت سے کام کیاجائے ۔دریں اثناء ڈپٹی کمشنر نے ایک میٹنگ منعقد کرکے گرام سوراج ابھیان کے خصوصی پروگرام کی تیاریوں کا جائزہ لیا ۔یہ پروگرام ملک بھر میں 14اپریل سے شروع ہوکر 05مئی تک جاری رہے گا۔اس پروگرام کا اہم مقصد لوگوں کو ان کے حقوق سے روشناس کروانا اور ان تک سرکاری سکیموں کے بارے میں جانکاری عام کرناہے ۔ڈپٹی کمشنر نے بتایاکہ 14اپریل کو امبیڈکر جیتنی منائی جائے گی جبکہ اٹھارہ اپریل کو سوئوچھتا دیوس منایاجائے گا۔ انہوںنے کہاکہ اسی طرح سے بیس اپریل اجوالا دیوس منایاجائے گاجس دوران حد متارکہ کے نزدیکی گائوں ساگرہ منکوٹ سمیت کے لوگوں میںگیس کنکشن اورایل ای ڈی بلک تقسیم کئے جائیںگے ۔انہوںنے بتایاکہ چوبیس اپریل کو راشٹریہ پنچایت راج دیوس منایاجائے گاجس دوران خصوصی گرام سبھائیں منعقد کرکے سماجی مسائل پر تبادلہ خیال کیاجائے گا۔ ڈپٹی کمشنر کے مطابق اٹھائیس اپریل کو گرام سوراج دیوس منایاجائے گاجس دوران لوگوںکو جانکاری فراہم کی جائے گی ۔انہوںنے مزید بتایاکہ دو مئی کو کسان کلیان دیوس مناکر کسانوںکو جانکاری فراہم کی جائے گی ۔انہوںنے افسران کو ہدایت دی کہ ان پروگراموں میں زیادہ سے زیادہ لوگوں کی شرکت کو یقینی بنایاجائے ۔