رام بن //گذشتہ روز سے موسم میں آئی نمایا ںتبدیلی کے بعد تحصیل کھڑی اور اکھڑہال پوگل پرستان کے بالائی علاقوں میں برفباری اور میدانی علاقہ جات میںزبر دست ژالہ باری اور تیزبارشوں سے پھلدار اور میوہ جات درختوں کو شدید نقصان پہنچاہے اور تیز بارش اور اولے گرنے سے مہو منگت کے بالائی علاقوں میں سردی سے خانہ بدوش گوجر بکروال لوگوں کے درجنوں مال مویشی ہلاک ہونے کی بھی اطلاعات ہیں۔ اس سلسلے میں مقامی لوگوں نے میڈیاکوبتایاکہ گذشتہ اتوار اور سوموار کے روز بالائی علاقوں میں زبر دست ژالہ باری ہوئی جس کی وجہ سے علاقوں میں پھلدار اور میوہ جات کے درختوں کو شدید نقصان پہنچا ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ جات میں مسلسل تیز بارشوں سے زمینداروں کو فصل بیجائی میں کافی مشکلات کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ژالہ باری اور تیز آندھی کی وجہ سے کئی جگہوں پر درخت جڑ وںسے اکھڑکر رہ گئے ہیںجو زمیندار کے لئے بہت بڑا نقصان ماناجارہاہے کیونکہ زمینداروں کا گزارہ ان ہی پھلدار درختوں پر ہوتا ہے ۔ اس کے علاوہ علاقہ مہو کے بالائی علاقہ سے تعلق رکھنے والا خانہ بدوشوں نے کہاکہ مہو منگت کے بالائی علاقہ میں سردی سے دو گھوڑے ہلاک ہوگئے ہیں۔اس کے علاوہ اور بھی متعدد علاقوں میں کئی گوجربکروال کنبوں کے مال مویشی ہلاک ہوگئے ہیں۔ مقامی لوگوں کے مطابق کہ تیز آندھی اور طوفانی بارشوں کی وجہ سے تمام پھلدار درختوں اور میوہ کے خاص کر اخروٹ، سیب، ناشپاتی، ہاڑی اور دیگر پھلدار درختوں کو زبردست نقصان پہنچا ہے ۔انہوں نے کہا کہ علاقوں میں اکثر لوگ پھل اور میوہ جات پر سال بھر کا گزارہ کر تے ہیں لیکن لگاتار بارش اورژالہ باری نے اس سال زمینداروں کی امیدوں پر پانی پھیر دیا ہے ۔