بانہال // گوجر اور بکروال طبقے سے وابستہ لوگوں نے اتوار کو قصبہ بانہال میں کٹھوعہ قتل اور عصمت ریزی کیس میں ملوث مجرموں کو جلد از جلد پھانسی کی سزا دینے کے مطالبے کو لیکر احتجاجی مظاہرے کئے ۔ اس احتجاجی مظاہرے کی قیادت نوجوان گوجر لیڈر چودھری محمد اسحاق اور چودھری جماعت علی کر رہے تھے – کٹھوعہ واقع کی نسبت سے بانہال میں گوجر اور بکروال طبقے کی طرف سے یہ پہلا احتجاج تھا جبکہ حلقہ انتخاب بانہال میں گوجروں بکروال طبقے کی قابل ذکر آبادی موجود ہے ۔ اتوار کے روز تحصیل بانہال کے مختلف علاقوں سے تعلق رکھنے والے گوجر بکروال طبقے سے تعلق رکھنے والے لوگوں نے قصبہ بانہال میں جمع ہو کر کٹھوعہ واقع کے خلاف اپنا غم و غصہ ظاہر کرتے ہوئے شاہراہ ہر احتجاجی مظاہرے اور قاتلوں کو پھانسی دو اور معصوم بچی کو انصاف دو کے نعرے بلند کرتے ہوئے شاہراہ ہر احتجاجی مظاہرے کئے۔ گوجر بکروال مظاہرین شاہراہ سے ہوتے ہوئے میونسپل پارک واقع سینٹرل مارکیٹ بانہال میں داخل ہوئے اور وہاں پر مقررین نے انہیں خطاب کیا ۔ اس موقع پر چودھری جماعت علی اور چودھری محمد اسحاق نے سرکار پر زور دیا کہ وہ کٹھوعہ میں ملوث درندہ صفت انسانوں کو بیچ چوراہے میں پھانسی پر لٹکا کر انصاف کی ایک نئی مشال قائم کریں تاکہ ایسے بیمار اور پرلے درجے کی مجرمانہ ذہنیت رکھنے والے دوسرے افراد کو عبرت لگ سکے اور ایسے واقعات کم ہوسکیں ۔ انہوں نے رسانہ، کٹھوعہ کی بچی کے مجرموں کو پھانسی دینے اور ان کی حمایت اور عدلیہ اور پولیس کو جھوٹا ثابت کرنے کی کوشش کرنے والوں کے خلاف قانونی کاروائی کی جانی چاہئے۔ بعد میں یہ احتجاجی مظاہرہ پرامن طریقے سے ختم ہوا جبکہ پولیس کی بھاری نفری امن و قانون کو برقرار رکھنے کیلئے قصبے میں تعینات کی گئی تھی ۔