سرینگر //دختران ملت نے وزیر اعلی کی طرف سے دی گئی بات چیت کی دعوت کو سیاسی شعبدہ بازی قرار دیتے ہوئے کہا ہے کہ مزاحمتی قیادت کو چاہئے کہ وہ بھارت پر واضح کرے کہ قضیہ کشمیر کا صرف ایک حل ہے کہ ریاست کے عوام کو اپنے مستقبل کے تعین کی آزادی دی جائے۔دختران ملت کی ترجمان رفعت فاطمہ نے کہا کہ محبوبہ کا یہ کہنا کہ بات چیت کی دعوت ایک نادروقع ہے اور مزاحمتی خیمے کو اسے ضائع نہ کرتے ہوئے زندگی بچانی چاہئے محض سیاسی موقع پرستی ہے جو مکروہ عزائم کو ظاہر کرتی ہے۔انہوں نے کہا کہیہ اس کی حکومت ہی ہے جو آئے روز نہتے کشمیریوں کا خون بہا رہی ہے۔ترجمان نے مزید کہا کہ یہاں یہ سیز فائر کا ڈرامہ محض دنیا کو بے وقوف بنا نے کیلئے کھیلا جارہا ہے۔ یہ محض کشمیریوں پر ظلم کا ایک اور ہتھکنڈا ہے۔ایک طرف اس ڈرامہ کا اعلان کیا گیا تو دوسری طرف عوام کے خلاف اعلان جنگ کر رکھا ہے۔انہوں نے کہا کہ مزاحمتی قیادت کو چاہئے کہ وہ صرف اس بات چیت کا حصہ بنیں جس کا مقصد لوگوں کو استصواب رائے دینا ہو۔ وہی ایک حل یہاں دی گئی لاکھوں قربانیوں کا ثمر ہوسکتا ہے۔انہوںنے کہا کہ اس بات چیت کے غبارے سے بھارتی وزیر جیتیندر سنگھ نے خود یہ کہہ کر ہوا نکال دی کہ یہ بات چیت بھارتی آئین کے تحت ہوگی۔ انہوں نے کہا کہ لوگوں کو اس شعبدہ بازی کی طرف زیادہ توجہ نہیں دینی چاہئے اور بھارت کے مکارانہ عزائم سے خبردار رہنا چاہئے۔