بانہال //نیشنل کانفرنس کے ضلع صدر رام بن سجاد شاہین نے حلقہ کے دور دراز علاقوں میں سڑکوں کی خستہ حالی اور ناقص بجلی سپلائی پر سخت تشویش کا اظہار کیا ہے۔ انہوں نے حلقہ کے نیل علاقہ کا دورہ کرنے کے بعد بتایا کہ حلقہ کے دور دراز علاقوں میں خراب ہوئے بجلی ٹرانسفارمروں کی مرمت ہفتوں تک نہ کرنے کی وجہ سے ان علاقوں میں بجلی کی سپلائی متاثر ہوئی ہے۔اپنے دورہ کے دوران انہوں نے لوگوں سے تبادلہ خیال کرتے ہوئے پی ڈی پی۔ بی جے پی مخلوط سرکار کی جانب سے نظر انداز کرنے پر ناراضگی کا اظہار کیا ہے۔انہوںنے کہا کہ غلط نمائندگی کی وجہ سے ان علاقوں کو ترقیاتی کاموں میں محروم رکھا گیا ہے۔انہوں نے تباہ ہوئے ٹرانسفارمروں کی فوری مرمت کرکے علاقہ میں بجلی سپلائی بحال کرنے کا مطالبہ کیا ہے۔شاہین نے ہرواڑی، لدنیہال، بٹو، گگونی، بارموجی، اور چھُڈواس کا دورہ کرتے ہوئے ان دیہاتوں کے لوگوں سے تبادلہ خیال کرکے ان علاقوں میں پینے کے پانی کی قلت کی شکایت کی ہے۔ انہوں نے کہا کہ علاقہ میںسڑکوں کا نیٹ ورک نہایت ہی خستہ ہے ،جس سے ان علاقوں میں نقل و حرکت متاثر ہوئی ہے اور لوگوں کی پریشانیوں میں اضافہ ہوا ہے۔انہوںنے خصوصی طور سے چملواس۔نیل سڑک کا ذکر کرکے کہا ہے کہ اس سڑک کو بحال کرنے میں کوئی کوشش نہیں کی جا رہی ہے۔ضلع صدر نے محکمہ تعمیر ات عامہ پر زور دیا ہے کہ وہ ان علاقوں میں سڑکوں کی مرمت فوری طور کرائے۔انہوں نے محکمہ تعلیم اور محکمہ صحت کی خامیوں کی جانب بھی سرکار کی توجہ مبذول کرائی ہے اور ان محکموں میں خالی پڑی اسامیوں کو فوری طور پُر کرنے کا مطالبہ کرتے ہوئے طبی اداروں میں ادویات کی وافر مقدار فراہم کرنے کا مطالبہ کیا۔انہوںنے کہا کہ کھڑی۔تریگام ،مہو ،پوگل پرستان،سراچی، امکوٹ ، تھاچی، ہجاہی، نوگام ،باجمستا، چکا، سارباگنی، بنگارا، کمبلا، فگوو، مالی گام ،سُمڑ،چکنواڑاہ اور دیگر علاقوں میں بھی ناقص سہولیات کی شکایات موصول ہوئی ہیں ۔ دورہ کے دوران ضلع صدر کے ہمراہ پارٹی کے بلاک صدورغلام رسول ڈینگ، محمد خلیل سوہل، ریاض احمد میر، ضلع یوتھ جنرل سیکرٹری مشرف احمد نائیک، حلقہ صدر محمد مرتضیٰ ملک،چودھری غلام حُسین،عبدالرحمان پدیہار، مجیب رونیال، منظور احمد شیخ ،مشتاق پدیہار وغیرہ بھی تھے۔