یاون جنگلات میں کمین گاہ تباہ
نئی دہلی//نیشنل انویسٹی گیشن ایجنسی(این آئی اے) نے جمعہ کو حزب المجاہدین کے ایک ملی ٹینٹ کی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کر لیا جو وادی کشمیر میں ملی ٹینسی سرگرمیوں کو فروغ دینے کے لیے ممنوعہ تنظیم کے سرگرم عسکریت پسندوں کو اسلحہ اور گولہ بارود کی فراہمی میں ملوث تھا۔این آئی اے کی خصوصی عدالت، جموں کے حکم پر، ایجنسی نے طارق احمد میر کی غیر منقولہ جائیدادوں کو ضبط کر لیا ہے، جو ایک چارج شیٹ ملزم ہے جسے اپریل 2025میں RC-01/2020/NIA/JMU کیس میں گرفتار کیا گیا تھا۔منسلک جائیدادوں میں سروے نمبر 82 من کے تحت 780 مربع فٹ اراضی پر تعمیر کی گئی کنکریٹ، واحد منزلہ رہائشی عمارت شامل ہے، جو گاؤں ملڈیرہ، ضلع شوپیاں میں شاملات (کاہچرائی) کے طور پر درج ہے،کے علاوہ 08مرلہ زمین کا ایک ٹکڑا، جو ضلع شوپیان کے ملڈیرہ میں باغ کی شکل میں نمبر 4 کے تحت آبی سوم کے طور درج ہے ۔حزب ملی ٹینٹ سید نوید مشتاق کے ایک ساتھی، طارق کو اکتوبر 2024 میں این آئی اے کی خصوصی عدالت، جموں کے سامنے آئی پی سی، آرمز ایکٹ، اور یو اے (پی) ایکٹ کی مختلف دفعات کے تحت چارج شیٹ کیا گیا تھا۔ادھرضلع شوپیاں میں پولیس،فوج اور فورسزنے مشترکہ تلاشی کارروائی کے دوران ملی ٹنٹوں کی ایک پرانی زیرزمین کمین گاہ کو تباہ کر دیا ۔ فوج کی2 راشٹریہ رائفلز، سنٹرل ریزرو پولیس فورس کی 14ویں بٹالین اور جموں و کشمیر پولیس نے مشترکہ طورضلع کے یارون جنگلاتی علاقے میں تلاشی آپریشن کے دوران یہ کمین گاہ دریافت کی، جو ٹین کی چادروں سے ڈھکی ہوئی تھی۔ سیکورٹی فورسز نے کمین گاہ کو تباہ کر دیا، تاہم، سیکورٹی ذرائع کے مطابق، وہاں سے کوئی اسلحہ یا قابل ذکر سامان وغیرہ بر آمد نہیں ہوا۔ذرائع کا کہنا ہے کہ یہ تلاشی آپریشن پرامن طور پر مکمل ہوا اور اس دوران کسی کی بھی گرفتاری عمل میں نہیں لائی گئی ہے۔