پونچھ//پونچھ قصبہ میں چھوٹی مسافر گاڑیوں کے لئے الگ سے سٹینڈ نہ ہونے کی وجہ سے ان گاڑیوں کے ڈرائیوروں کو کئی طرح کی پریشانیوں کا سامنا کرنا پڑ رہا ہے۔ اس سلسلہ میں نیشنل کانفرنس یوتھ کے ضلع صدر نیشو شرما کی قیادت میں بس اڈہ پونچھ میںایک احتجاج کیاگیا جس دوران انتظامیہ سے اپیل کی گئی کہ ان گاڑیوں کیلئے نیا سٹینڈ قائم کیاجائے ۔مظاہرین نے نعرے بازی کر کے الگ سٹینڈ کا مطالبہ کیا۔ نیشو شرما نے کہا کہ بار بار مطالبہ کے بعد بھی ان کی آواز نہیں سنی جاتی۔انہوں نے کہا کہ پونچھ کے مختلف علاقوں کے لئے سینکڑوں آٹوز، سوموز اور دیگر گاڑیوں کو پرمٹ دیئے گئے ہیں لیکن ان کو کھڑاکرنے کیلئے کوئی جگہ فراہم نہیں کی گئی اور ڈرائیور ہر جگہ گاڑیاں کردیتے ہیں۔انہوں نے کہا کہ انتظامیہ کی جانب سے اب ان مقامات پر نو انٹری زون قائم کئے گئے ہیں جہاں وہ اپنی گاڑیاں کھڑی کر کے سواریاں بھرتے تھے۔ان کاکہناتھاکہ یہ ان لوگوں کے ساتھ سراسر نا انصافی ہے جس کو وہ برداشت نہیں کر سکتے ۔انہوں نے انتباہ دیا کہ اگر علیحدہ اسٹینڈ قائم نہ کیاگیاتو بڑے پیمانے پر احتجاج کریںگے ۔