بانہال // محکمہ بجلی کی ناقص کارکردگی اور بجلی کی عدم دستیابی کے خلاف پوگل پرستان کے علاقوں سے تعلق رکھنے والے سینکڑوں لوگوں نے اْکڑال میں ایک احتجاجی مظاہرہ کیا۔ اس مظاہرے میں عام لوگوں کے علاوہ کانگریس ، پی ڈی پی ، نیشنل کانفرنس اور پنتھرس پارٹی کے مقامی لیڈران موجود تھے اور انہو ں نے ہی ملکر اس احتجاج کا انعقاد کیا تھا۔ اس موقع پر احتجاجی مظاہرین سے خطاب کرتے ہوئے مقررین نے کہا کہ اْکڑال ، رامسو اور پوگل پرستان کے وسیع و عریض علاقوں میں روز روز بجلی نہ ہونے کا مسئلہ ہزاروں صارفین کیلئے درد سر بنا ہوا ہے۔ انہوں نے کہا کہ ڈیجیٹل انڈیا ، انفارمیشن ٹیکنالوجی اور انڑنیٹ کی باتیں کرنے والوں کیلئے یہ افسوس کا مقام کہ ضلع رام بن کے پوگل پرستان اْکڑال کے ہزاروں لوگوں کو آج بھی اپنا موبائیل چارج کرنے کیلئے دوسرے علاقوں کا رخ کرنا پڑتا ہے کیونکہ اْکڑال کے درجنوں علاقوں میں کئی کئی روز تک بجلی کا نام و نشان نہیں ہوتا ہے۔ انہوں نے وہاں موجود تحصیلدار اْکڑال سے اپیل کی کہ وہ علاقے میں بجلی کی ابتر صورتحال کا معاملہ اعلی حکام سے اٹھاکرحل کریں ورنہ ہزاروں لوگ شاہراوں پر اتر کر احتجاج کرنے پر مجبور ہوجائینگے۔ اس موقع پرپی ڈی پی لیڈر اور سابقہ سرپنچ محمد اقبال کٹوچ ، کانگریس ضلع صدر فاروق احمد کٹوچ ، پنتھرس پارٹی لیڈر سیوا سنگھ بالی وغیرہ بھی موجود تھے اور انہوں نے وہاں موجود لو گوں اور افسروں کے سامنے اپنے خیالات کا اظہار کیا۔ تحصیلدار اکڑال نیاز وانی نے مظاہرین کو یقین دلایا کہ ان کے مسائل کو اعلی حکام کی نوٹس میں لاکر انہیں حل کرنے کی کوشش کی جائے گی۔ بعد میں احتجاجی مظاہرے پر امن طریقے سے ختم ہوئے۔