راجوری//باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی کے اسکول آف انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی کی جانب سے دوروزہ ورکشاپ کا اہتمام کیا گیاجس کا بنیادی مقصد شعبہ انجینئرنگ اور ٹیکنالوجی میں زیر تعلیم طلبہ وطالبات کو اس بات سے آگاہ کرنا تھا کہ زمانہ مستقبل میں حصول تعلیم کے بعد انھیں کس سمت اپنی صلاحیتوں کو بروے کار لانے کی ضرورت ہے۔مزید اس ضمن میں انھیں اس بات کی بھی آگہی فراہم کی جائے کہ عالمی سطح پر ٹیکنالوجی اور انجینئرنگ میں کیا کچھ پیش رفت ہوئی ہے۔اس دوروزہ ورکشاپ میں جن ماہرین( الیکٹریکل اینڈ کمیونی کیشن) نے اپنی علمی صلاحیتوں سے طلبہ وطالبات اور فیکلٹی ممبران کو مستفید ہونے کاموقع فراہم کیا ان میں امراوتی(مہاراشٹر) کے پروفیسر وی ایس سپکل،سابق وائس چانسلر ناگپور یونیورسٹی۔پروفیسر آر ایس سپکل اور حنا شرما،رابطہ کار اسٹیٹ پروجیکٹ یونٹ جموں موجود تھے۔اس دوروزہ ورکشاپ کے افتتاحی اجلاس کا باقاعدہ آغاز پروفیسر پرویز اقبال رجسٹرار باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی نے کیا ۔انھوں نے مہمان ماہرین کی باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی میں آمد پر خوشی ظاہر کی اور فرمایا کہ ان کے علم سے ہمارے انجینئرنگ کے طلبہ کو ایک نئی روشنی حاصل ہوگی۔انھوں نے شعبہ اطلاعاتی ٹیکنالوجی کے صدر ملک مبشر اور فیکلٹی ممبران کو دوروزہ ورکشاپ منعقد کرنے پر مبارک باددی۔اس دوروزہ ورکشاپ کے اختتامی اجلاس میں روفیسر جاوید مسرت وائس چانسلر باباغلام شاہ بادشاہ یونیورسٹی راجوری مہمان خصوصی تھے۔انھوں نے فرمایا کہ باہر سے آے ہوے ہمارے مہمان کہ جنھوں نے اپنی علمی اور تکنیکی صلاحیوں سے اس دوروزہ ورکشاپ میں جان ڈال دی ہے۔میں صمیم دل سے ان کا شکریہ ادا کرتا ہوں اور ان سے یہ توقع رکھتا ہوں کہ وہ مستقبل میں بھی ہماری یونیورسٹی کو رونق بخشیں گے۔انھوں نے طلبہ کو اس بات پر خصوصی دھیان دینے پر زور دیاکہ زیادہ سے زیادہ اپنے مستقبل کو کامیاب اور خوشگوار بنانے کی امنگ پیدا کریں۔اس دوروزہ ورکشاپ میں کمپوٹر سائنس کے خلیل احمد،سول انجینئرنگ کے وسیم شہناز،شعبہ الیکٹرانک کے محمود الحسن،شفیق مغل،ڈاکٹر فرہاد الہی بخش کے علاوہ دیگر شعبوں کے اساتذہ اور طلبہ نے بھی شرکت کی۔