سرینگر//ناظم باغبانی کشمیر نے شام کے اوقات میںفروٹ گرورس کو آبپاشی اور سپرے کرنے کا مشورہ دیا۔انہوں نے شوپیاں ضلع کے مختلف علاقوں میں ایک بار پھر کاشتکاروں کو اپنے باغات میں اعلیٰ معیار کے پودوں کی شجرکاری کی تاکید کی۔ناظم باغبانی اعجازاحمد بٹ نے کہا کہ سیب صنعت کا مستقبل اعلیٰ کثافت والے پودوں میں ہے اور محکمہ نے خود زینہ پورہ میں ایشیاء کا سب سے بڑا فارم قائم کیاہے جبکہ شوپیاں میں کئی نرسریوں میں 6 لاکھ کلونل روٹ اسٹاکس اور کثافت والے پودے لگائے ہیں۔ڈائریکٹر موصوف نے کہاکہ چونکہ طویل عرصہ سے بارش نہیں ہوئی ہیں اسلئے باغات کو مناسب طور پر سیراب کیاجائے اور سپرے کر چھڑکاو بھی مناسب ڈھنگ بالخصوص شام کے اوقات میں کیاجائے کیونکہ شدید گرمی میں سپرے فصلوں کو تباہ بھی کرسکتاہے۔انہوں نے ایک باغ کا معائنہ کیا جس میں روایتی درختوں کے بجائے اعلیٰ پیداوار والے میوہ دار درخت لگائے گئے ہیں۔ باغ مالک شاہنواز احمد نے بتایا کہ باغبانی محکمہ نے اسے 30 سالہ پرانے درختوں کو نئے درختوں میں تبدیل کرنے کے لئے وقتاً فوقتاً مدد کی اور اس نئی قسم کے پھلوں سے اس کو بہت فائدہ پہنچا۔ڈائریکٹر موصوف نے کہا کہ حکومت اس سال بھی مارکیٹ انٹرونشن اسکیم کو دوبارہ متعارف کرنے پر غور کر رہی ہے تاکہ سیب کے کاشتکاروں کو مناسب قیمت مل سکے۔