سری نگر-لیہہ شاہراہ پر زیڈ موڑ ٹنل کا اگلے ماہ افتتاح کیا جائے گا: گڈکری

Nitin Gadkari. Minister of Road Transport and Highways, India

نئی دہلی//مرکزی وزیر نتن گڈکری نے منگل کو کہا کہ سری نگر-لیہہ شاہراہ پر 6.5 کلومیٹر زیڈ موڑ ٹنل کا اگلے ماہ افتتاح کیا جائے گا جبکہ زوجیلا میں ایشیا کی سب سے لمبی ٹنل پر کام 2024 میں مکمل ہونے کا امکان ہے۔
گڈکری نے مزید کہا کہ ان کی وزارت جموں اور سری نگر کے درمیان 9 ٹنل بھی بنا رہی ہے۔
انہوں نے کہا،”ہم سونمرگ میں زیڈ موڑ سرنگ بنا رہے ہیں۔ سرنگ کا افتتاح اپریل میں کیا جائے گا“۔
سری نگر-لیہہ شاہراہ پر گگن گیر اور سونمرگ کے درمیان 6.5 کلومیٹر زیڈ موڑ سرنگ سال بھر رابطہ فراہم کرے گی۔
روڈ ٹرانسپورٹ اور ہائی ویز کے وزیر نے کہا،”ہم زوجیلا میں ایشیا کی سب سے لمبی سرنگ بھی بنا رہے ہیں۔ زوجیلا ٹنل پر 65سے70 فیصد کام مکمل ہو چکا ہے اور اس کا افتتاح 2024 میں کیا جائے گا” ۔
13.5 کلومیٹر زوجیلا ٹنل، جو 4,900 کروڑ روپے میں تعمیر کی جا رہی ہے، جب تیار ہو جائے گی، سری نگر کو لیہہ سے جوڑنے والی سڑک (NH1) کو ہر موسم میں بنانے میں کلیدی کردار ادا کرے گی۔
11,000 فٹ اونچے منصوبے کی اصل آخری تاریخ دسمبر 2026 ہے۔
اس وقت سردیوں کے آغاز کے بعد سڑک گاڑیوں کی آمدورفت کے لیے بند رہتی ہے کیونکہ علاقے میں شدید برف باری ہوتی ہے۔
وزیر ٹرانسپورٹ نے 2024 کے آخر تک ہندوستان کی لاجسٹک لاگت کو 16 فیصد سے کم کر کے 9 فیصد کرنے کی ضرورت پر بھی زور دیا۔
انہوں نے نشاندہی کی کہ جہاں چین میں لاجسٹک لاگت 8 فیصد ہے، امریکہ اور یورپی یونین میں لاجسٹک لاگت 12 فیصد ہے۔
گڈکری نے مزید کہا،”اگر ہم اپنی لاجسٹک لاگت کو فی الحال 16 فیصد سے کم کر کے 9 فیصد کر سکتے ہیں، تو ہماری برآمدات 1.5 گنا بڑھ جائیں گی”۔