سری نگر// جموں و کشمیر پولیس نے اتوار کو کہا کہ جنوبی کشمیر کی لتر بستی کے اچن علاقے میں کشمیری پنڈت بینک گارڈ کے قتل میں ملوث دہشت گردوں کا جلد ہی سراغ لگا کر انہیں مار گرایا جائے گا۔
جنوبی کشمیر رینج کے ڈپٹی انسپکٹر جنرل پولیس (ڈی آئی جی) رئیس محمد بھٹ نے صحافیوں سے بات کرتے ہوئے کہا کہ نامعلوم ملی ٹینٹوں نے لتر کے اچن علاقے میں پنڈت برادری سے تعلق رکھنے والے ایک بینک سیکورٹی گارڈ پر فائرنگ کی، جس میں وہ مارا گیا”۔
انہوں نے کہا، “ہم تیزی سے کام کر رہے ہیں اور معاملے کی تحقیقات کر رہے ہیں۔ اس گھناونے جرم میں ملوث ملی ٹینٹوں کا جلد ہی سراغ لگایا جائے گا اور انہیں مار گرایا جائے گا”۔
ڈی آئی جی نے بتایا کہ مقتول کی شناخت سنجے پنڈت ولد کاشی ناتھ پنڈت ساکنہ لترپلوامہ کے طور پر ہوئی ہے۔
دریں اثنا، کشمیری پنڈت سنگھرش سمیتی (کے پی ایس ایس) نے ایک ٹویٹ میں کہا، “حکومت اور بھارتیہ جنتا پارٹی کشمیر کی 75 لاکھ آبادی کو نہیں سنبھال پا رہی ہے اور پاک زیرِ انتظام کشمیر اور بلوچستان کو کنٹرول کرنا چاہتے ہیں۔ کشمیری پنڈتوں کو کشمیر میں کتوں کی طرح مارا جاتا ہے اور وزارتِ داخلہ اور جموں وکشمیر کے لیفٹیننٹ گورنر اس کو نظر انداز کر رہے ہیں کہ کشمیر اس دنیا میں کشمیری پنڈتوں کے لیے سب سے خطرناک جگہ ہے”۔
بینک گارڈ کی ہلاکت میں ملوث افراد کو جلد کیفرِ کردار تک پہنچایا جائے گا: ڈی آئی جی جنوبی کشمیر
