عظمیٰ ویب ڈیسک
نئی دہلی/وزیر اعظم نریندر مودی نے دہلی میں لال قلعہ کے قریب پیش آئے کار دھماکے میں زخمی ہونے والے افراد سے اسپتال میں ملاقات کی ہے۔ رپورٹ کے مطابق، وہ بدھ کو بھوٹان کے دو روزہ دورے سے لوٹنے کے فوراً بعد سیدھے دہلی کے ایل این جے پی اسپتال پہنچے، جہاں دھماکے میں زخمی ہوئے شہری زیر علاج ہیں۔آئی اے این ایس کی رپورٹ کے مطابق، وزیر اعظم مودی اسپتال میں داخل ہونے کے فوراً بعد متعلقہ ڈاکٹروں اور اسپتال انتظامیہ سے ملے اور زخمیوں کی موجودہ حالت کے بارے میں تفصیلی معلومات حاصل کیں۔ اس کے بعد انہوں نے ہر زخمی کے پاس جا کر ان سے بات چیت کی اور جلد صحت یابی کی دعا کی۔
اس دوران وزیر اعظم نے کہا کہ یہ واقعہ ایک سنگین سازش کا نتیجہ معلوم ہوتا ہے اور ذمہ داروں کو کسی بھی قیمت پر بخشا نہیں جائے گا۔ انہوں نے زخمیوں کے اہل خانہ کو یقین دلایا کہ حکومت ان کے علاج معالجے اور تمام ضروری سہولیات کا مکمل خیال رکھے گی۔وزیر اعظم نے بعد میں سماجی رابطے کے پلیٹ فارم ’ایکس‘ (سابقہ ٹوئٹر) پر ایک پیغام میں لکھا، ’’دہلی میں ہوئے بلاسٹ میں زخمی ہوئے لوگوں سے ملنے کے لیے ایل این جے پی اسپتال گیا۔ ان کی جلد صحتیابی کی دعا کرتا ہوں۔ جنہوں نے یہ ناپاک حرکت کی ہے، انہیں ضرور انصاف کے کٹہرے میں لایا جائے گا۔‘‘
قابل ذکر ہے کہ یہ دھماکہ پیر کی شام دہلی کے تاریخی لال قلعہ کے قریب ہوا تھا، جس میں کم از کم 7 افراد زخمی ہوئے۔ پولیس نے فورینزک ٹیم کے ساتھ مل کر جائے وقوعہ سے شواہد جمع کیے ہیں، جبکہ این آئی اے اور اسپیشل سیل کے افسران بھی تفتیش میں مصروف ہیں۔اس واقعے کے بعد راجدھانی میں سکیورٹی مزید سخت کر دی گئی ہے، اہم سرکاری عمارتوں، میٹرو اسٹیشنوں اور بازاروں میں پولیس گشت بڑھا دیا گیا ہے۔
اس سے پہلے مرکزی وزیر داخلہ امت شاہ نے بھی پیر کی رات اسپتال جا کر زخمیوں سے ملاقات کی تھی۔ انہوں نے ڈاکٹروں سے ان کے علاج کے بارے میں تفصیلی جانکاری لی اور اسپتال انتظامیہ کو ہر ممکن مدد فراہم کرنے کی ہدایت دی تھی۔ وزیر داخلہ نے واقعے کے کچھ ہی گھنٹوں بعد جائے حادثہ کا دورہ کیا اور دہلی پولیس کمشنر سمیت دیگر اعلیٰ افسران سے صورتحال کا جائزہ لیا۔دہلی کی وزیر اعلیٰ ریکھا گپتا نے بھی زخمیوں سے ملاقات کے بعد کہا کہ حکومت دہلی پولیس اور مرکزی ایجنسیوں کے ساتھ مل کر واقعے کی تہہ تک پہنچنے کے لیے پرعزم ہے۔ انہوں نے زخمیوں کے اہل خانہ سے بات چیت کی اور ان کے لیے مکمل طبی مدد فراہم کرنے کی یقین دہانی کرائی۔