جموں و کشمیر میں برف وباراں، 19 اپریل کی شام تک موسم نا موافق رہنے کی پیش گوئی

File Photo

یو این آئی

سرینگر// وادی کشمیر کے پہاڑی علاقوں میں تازہ برف باری اور میدانی علاقوں میں موسلا دھار بارشوں کے بیچ محکمے موسمیات نے 19 اپریل کی شام تک موسم نا موافق رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان نے کہا کہ 15 اپریل کو وادی کے بالائی علاقوں میں کہیں کہیں برف باری جبکہ میدانی علاقوں میں رک رک کر بارشوں کا سلسلہ جاری رہنے کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی میں 16 اور 17 اپریل کو کہیں کہیں ہلکی بارشیں ہوسکتی ہیں۔
ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں وادی میں 18 اور 19 اپریل کی شام تک کئی مقامات پر ہلکی سے درمیانی درجے کی برف باری یا بارشوں کا امکان ہے۔
انہوں نے کہا کہ بعد ازاں وادی میں 20 سے 25 اپریل تک موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی توقع ہے۔
محکمے نے ایڈوائزری جاری کرتے ہوئے کسانوں سے 16 اپریل تک اپنے باغوں اور کھیت کھلیانوں میں آپریشنز معطل رکھنے کو کہا ہے۔
انہوں نے کہا کہ وادی کے پہاڑی علاقوں میں 14 اور 15 کہیں کہیں زمینی ٹرانسپورٹ متاثر رہ سکتا ہے اور اس دوران بعض مقامات پر مٹی کے تودے اور چٹانیں کھسک آنے کا امکان ہے۔
محکمے کے مطابق سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 27.6 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ اس دوران قاضی گنڈ میں 41.4 ملی میٹر، پہلگام میں 22.2 ملی میٹر، کپوارہ میں28.5 ملی میٹر اور گلمرگ میں 39.9 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے۔
دریں اثنا نا ساز گار موسمی حالات کے باعث وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں قدرے گراوٹ درج ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت8.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت10.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت1.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت 2.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب بھی یہی درجہ حرارت ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت7.2 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت8.9 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت7.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت9.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔