برف وباراں کے بعد اگلے 2 روز تک موسم خشک رہنے کا امکان

Photo: Amaan Farooq

سری نگر// برف و باراں کے بعد محکمہ موسمیات نے وادی کشمیر میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کی پیش گوئی کی ہے۔
متعلقہ محکمے کے ایک ترجمان کے مطابق وادی میں اگلے چوبیس گھنٹوں کے دوران موسم مجموعی طور پر خشک رہنے کا امکان ہے۔انہوں نے کہا کہ وادی میں 29 مارچ تک موسمی صورتحال جوں کی توں رہنے کی توقع ہے۔ان کا کہنا تھا کہ بعد ازاں موسم کروٹ بدل سکتا ہے جس کے باعث وادی میں 30 مارچ سے یکم اپریل تک ایک بار پھر بارشیں ہونے کا امکان ہے۔
سری نگر میں گذشتہ چوبیس گھنٹوں کے دوران 4.1 ملی میٹر بارش ریکارڈ ہوئی ہے جبکہ قاضی گنڈ میں 6.4 ملی میٹر، پہلگام میں 2.1 ملی میٹر، کپوارہ میں1.8 ملی میٹر اور سیاحتی مقام گلمرگ میں 3.8 سینٹی میٹر برف ریکارڈ ہوئی ہے۔ادھر گلمرگ کو چھوڑ کر وادی کے شبانہ درجہ حرارت میں بہتری واقع ہوئی ہے۔
گرمائی دارلحکومت سری نگر میں کم سے کم درجہ حرارت5.7 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے شہرہ آفاق سیاحتی مقام گلمرگ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی 1.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 1.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
وادی کے دوسرے مشہور سیاحتی مقام پہلگام میں کم سے کم درجہ حرارت2.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی 0.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
سرحدی ضلع کپوارہ میں کم سے کم درجہ حرارت 3.8 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت3.4 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
گیٹ وے آف کشمیر کے نام سے مشہور قصبہ قاضی گنڈ میں کم سے کم درجہ حرارت 5.0 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت4.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔
لداخ یونین ٹریٹری کے ضلع لیہہ میں کم سے کم درجہ حرارت منفی2.6 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ کیا گیا جہاں گذشتہ شب کا درجہ حرارت منفی1.5 ڈگری سینٹی گریڈ ریکارڈ ہوا تھا۔