ڈرون کے زریعے گرایا گیا اسلحہ جمع کرنے کا معاملہ:ملزم کی جیل میں موت

File Photo

جموں//جموں میں بین الاقوامی سرحد پر ڈرون کے ذریعے گرائے گئے ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کو جمع کرنے اور لے جانے میں ملوث عسکری ماڈیول کے ایک مشتبہ رکن کی یہاں کوٹبلوال جیل جموں میں دل کا دورہ پڑنے سے موت ہو گئی ہے۔
قومی تحقیقاتی ایجنسی (این آئی اے)، جو کٹھوعہ میں 29مئی کو دھماکہ خیز مواد گرانے کے معاملے میں ملوث ماڈیول کی تحقیقات کر رہی ہے، نے اس مہینے کے شروع میں ملزم کو گرفتار کیا تھا۔
ایک افسر نے بتایا،”انڈر ٹرائل مونی محمد باقی قیدیوں کے ساتھ نماز پڑھ رہا تھا کہ اچانک اسے دل کا دورہ پڑا اور وہ گر گیا۔ اسے ہسپتال منتقل کیا گیا جہاں اسے مردہ قرار دے دیا گیا”۔
ابتدائی طور پر یہ کیس کٹھوعہ کے راج باغ پولیس تھانہ میں 29 مئی کو درج کیا گیا تھا اور 30​​جولائی کو این آئی اے نے اسے دوبارہ درج کیا تھا۔
ایک عہدیدار نے بتایا کہ بین الاقوامی سرحد پر پاکستانی ڈرون کے ذریعہ ہتھیار گرائے جانے کی تحقیقات کے سلسلے میں این آئی اے نے جمعرات کو جموں و کشمیر کے پانچ اضلاع میں تلاشی لی۔
پولیس کے مطابق یہ ماڈیول دو سال سے کام کر رہا تھا اور بین الاقوامی سرحد کے ساتھ پاکستانی جانب سے ڈرون کے ذریعے گرائے جانے والے ہتھیاروں اور دھماکہ خیز مواد کو جمع کرنے اور اسے دوسرے مقامات پر منتقل کرنے میں ملوث تھا۔