عظمیٰ ویب ڈیسک
ادھم پور/منشیات فروشوں کے خلاف سخت قانونی کارروائیوں کو جاری رکھتے ہوئے جموں و کشمیر پولیس نے ضلع اودھم پور میں دو منشیات فروشوں کی تقریباً 80 لاکھ روپیے مالیت کی جائیداد این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت ضبط کر دی۔
ایک پولیس ترجمان نے اپنے ایک بیان میں کہا کہ اودھم پور پولیس نے دو منشیات فروشوں کی تقریباً 80 لاکھ روپیے مالیت کی منقولہ و غیر منقولہ جائیداد کو این ڈی پی ایس ایکٹ کی دفعہ 68 (ایف) کے تحت ضبط کر لی۔
ان منشیات فروشوں کی شناخت نزاکت حسین ولد اللہ دین ساکن وارڈ نمبر10 جھلاس پونچھ اور مختار احمد ولد رشید محمد ساکن کرمارہ پونچھ کے طور پر کی گئی ہے۔
انہوں نے کہا کہ پولیس اسٹیشن اودھم پور میں این ڈی پی ایس کے متعلقہ دفعات اور بی این ایس 111 کے تحت درج ایف آئی آر نمبر292/2025 کی تحقیقات کے دوران یہ بات سامنے آئی کہ ملزموں نے منشیات کی غیر قانونی کاروبار سے حاصل رقم سے مختلف اثاثے خریدے تھے۔
ان کا کہنا ہے کہ ضبط شدہ جائیداد میں نزاکت حسین کا جھولاس گائوں میں واقع ایک رہائشی مکان، ایک جے سی بی زیر رجسٹریشن نمبر JK12B -0553، ایک آلٹو کار زیر رجسٹریشن نمبرJK12B – 8765، ایک آلٹو کار زیر رجسٹریشن نمبر JK12B – 1664 اور مختار احمد کا کرمارہ گائوں میں رہائشی مکان شامل ہے۔
پولیس ترجمان کے مطابق ضبط شدہ جائیدادوں کی کل مالیت تقریباً 80 لاکھ روپیے ہے۔ انہوں نے کہا کہ اودھم پور پولیس نے سال رواں کے دوران اب تک این ڈی پی ایس ایکٹ کے تحت 9.10 کروڑ روپیے مالیت کی جائیداد ضبط کی ہے۔
اودھم پور میں 2 منشیات فروشوں کی 80 لاکھ روپیے مالیت کی جائیدادیں ضبط: پولیس