یو این آئی
نئی دہلی// سپریم کورٹ کے چیف جسٹس ڈی وائی۔ چندر چوڑ نے جمعرات کو جسٹس این۔ کوٹیشور سنگھ اور جسٹس آر۔ مہادیون کوسپریم کورٹ کے جج کے طور پر حلف دلایا۔
جسٹس چندر چوڑ نے سپریم کورٹ کے احاطے میں منعقدہ ایک تقریب میں دونوں ججوں کو عہدے کا حلف دلایا۔ اس موقع پر عدالت عظمیٰ کے دیگر ججز اور متعدد سینئر وکلاء سمیت کئی معززین موجود تھے۔
سپریم کورٹ میں جج بننے سے پہلے جسٹس کوٹیشور جموں و کشمیر اور لداخ ہائی کورٹ کے چیف جسٹس اور جسٹس مہادیون مدراس ہائی کورٹ کے قائم مقام چیف جسٹس تھے۔
بنیادی طورپر منی پور ہائی کورٹ کے جج رہے جسٹس سنگھ اپنی ریاست کے پہلے جج ہیں جنہیں سپریم کورٹ میں جج کے عہدے پر ترقی دی گئی ہے۔ جسٹس مہادیون اصل میں تمل ناڈو ہائی کورٹ سے آتے ہیں۔
دونوں ججوں کی حلف برداری کے ساتھ ہی عدالت عظمیٰ کے لیے کل 34 ججوں کی تعداد مکمل ہو گئی۔
جسٹس انیرودھا بوس 10 اپریل 2024 اور جسٹس اے ایس بوپنا کے 19 مئی 2024 کوریٹائر ہونے کی وجہ سے سپریم کورٹ میں دو ججوں کے عہدے خالی تھے۔
صدرجمہوریہ دروپدی مرمو نے سپریم کورٹ کے چیف جسٹس جسٹس چندر چوڑ کے مشورہ پر دونوں ججوں کی تقرری کو منظوری دی تھی۔ صدر کی اجازت کے بعد مرکزی حکومت نے 16 جولائی کو ایک نوٹیفکیشن جاری کرتے ہوئے دونوں ججوں کی سپریم کورٹ کے ججوں کے عہدے پر تقرری کا اعلان کیا تھا۔
جسٹس چندرچوڑ کی سربراہی میں سپریم کورٹ کے کالجیم نے 11 جولائی 2024 کو دونوں ججوں کو سپریم کورٹ کے جج کے طور پر تقرری کی سفارش کی تھی۔