عظمیٰ ویب ڈیسک
گاندربل// ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ (ایم سی سی) کے رہنما خطوط کی خلاف ورزی کے خلاف سخت کارروائی کرتے ہوئے، گاندربل میں حکام نے بدھ کو مزید دو سرکاری ملازمین کو نوکریوں سے فارغ کر دیا ہے۔
اس سلسلے میں جاری کردہ حکم نامے میں کہا گیا ہے کہ گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول ہری گنیوان میں سی پی ڈبلیو کے طور پر کام کرنے والے مشتاق احمد خان ولد محمد صدیق خان سکنہ ہری گنیوان کو نوڈل آفیسر ایم سی سی گاندربل کی طرف سے موصول ہونے والی ہدایت کے مطابق فوری طور پر اس کی خدمات سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
ایک اور حکم میں گورنمنٹ ہائر سیکنڈری سکول کنگن میں بطور سی پی ڈبلیو کام کرنے والے شبیر احمد راتھر ولد محمد صدیق راتھر سکنہ کنگن کو بھی ماڈل کوڈ آف کنڈکٹ کی خلاف ورزی پر فوری اثر کے ساتھ نوکری سے برطرف کر دیا گیا ہے۔
واضح رہے کہ دونوں ملازمین انتخابی ضابطہ اخلاق کی خلاف ورزی کرتے ہوئے سیاسی پارٹی کی انتخابی مہم میں بڑھ چڑھ کر حصہ لے رہے تھے۔