عظمیٰ ویب ڈیسک
سرینگر// شمالی ضلع بانڈی پورہ کے اجس علاقے میں آتشزدگی کی ایک ہولناک واردات میں دو رہائشی مکان خاکستر ہو گئے ہیں۔
معلوم ہوا ہے کہ گیس سلنڈر دھماکے میں سات افراد زخمی ہوئے جن میں سے ایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
اطلاعات کے مطابق بانڈی پورہ کے بازی پورہ اجس گاوں میں گزشتہ شب رہائشی مکان سے آگ نمودار ہوئی جس نے آناً فاناً اپنے متصل اور ایک مکان کو لپیٹ میں لے لیا۔
نامہ نگار نے بتایا کہ مقامی لوگوں اور فائر اینڈ ایمرجنسی عملے کی بروقت کارروائی کے نتیجے میں گر چہ آگ پر قابو پایا گیا تاہم آتشزدگی کی اس واردات میں دو رہائشی مکان مکمل طورپر خاکستر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ آگ نمودار ہونے کے ساتھ ہی گیس سلنڈر زور دار دھماکہ کے ساتھ پھٹ گیا جس کے نتیجے میں سات افراد جھلس جانے سے زخمی ہوئے۔
فائر اینڈ ایمرجنسی کے ایک سینئر عہدیدار نے یو این آئی ارد وکو بتایا کہ بازی پورہ اجس گاوں میں آگ کی ایک واردات میں دو مکان خاکستر ہوئے ہیں۔
انہوں نے کہاکہ گیس سلنڈر پھٹ جانے کی وجہ سے سات افراد زخمی ہوئے جنہیں علاج ومعالجہ کی خاطر فوری طورپر نزدیکی ہسپتال منتقل کیا گیا۔
ان کے مطابق زخمیوں میں سے ایک کی حالت تشویشناک بنی ہوئی ہے۔
دریں اثنا پولیس نے معاملے کی نسبت کیس درج کرکے تحقیقات شروع کی۔